مہلک ہتھیاروں کا استعمال ، آٹھ زخمی ، پولیس گشت میں اضافہ
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز): پرانے شہر کے علاقہ چندرائن گٹہ میں آج شام افطار سے قبل ایک ہی طبقہ کے دو گروپس میں تصادم کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے اور پولیس نے بھاری جمعیت کو طلب کرتے ہوئے حالات پر قابو پالیا ۔ ان گروپس کے حملہ میں تقریبا آٹھ افراد زخمی ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ نماز عصر کے بعد افطار سے قبل دو گروپس مہلک ہتھیاروں اور ہاکی اسٹکس کے ساتھ ایک دوسرے پر ٹوٹ پڑے اور اس تصادم میں 8 افراد زخمی ہوگئے ۔ اس جھگڑے کے سبب سارے علاقہ میں پولیس کی گشت کو بڑھادیا گیا تھا ۔ اور فلک نما ڈیویژن کی پولیس کو بالا پور روڈ بارکس اور چندرائن گٹہ میں متعین کردیا گیا تھا ۔ اس خصوص میں انسپکٹر چندرائن گٹہ این راما راؤ نے بتایا کہ فیصل باعوم گروپ اور احمد سعدی گروپس کے خلاف ایک دوسرے کی شکایت پر مقدمات درج کرلیے گئے ہیں ۔ انسپکٹر نے بتایا کہ کل دو پہر تین بجے ایک نوجوان پٹرول خریدنے کے لیے موٹر سیکل پر تیزی سے جارہا تھا کہ اس کی رفتار پر ایک گروپ نے اعتراض کیا بعد ازاں فیصل باعوم اور احمد سعدی کے گروپس میں مفاہمت ہوچکی تھی لیکن آج دو گروپس پھر سے آپس میں متصادم ہوگئے جس کے سبب 8 افراد زخمی ہوگئے ۔ جن میں ایک کو شریک دواخانہ کردیا گیا ہے ۔ انسپکٹر چندرائن گٹہ نے بتایا کہ احتیاطی طور پر علاقہ میں پولیس کے پکٹ کو تعینات کردیا گیا ہے ۔۔