حیدرآباد ۔ /18 جون (سیاست نیوز) محکمہ لیبر ، بہبودیٔ خواتین و اطفال اور پولیس کی ایک مشترکہ کارروائی میں پرانے شہر کے علاقے تالاب کٹہ سے 36 کم عمر بچہ مزدوروں کو رہا کرالیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے محکمہ لیبر کے ڈپٹی ڈائرکٹر ڈاکٹر ای گنگا دھر کی قیادت میں یہ کارروائی انجام دی گئی ۔ تالاب کٹہ چاچا گیاریج علاقہ میں مذکورہ محکموں سے وابستہ عہدیدار چوڑیاں بنانے والے کارخانوں پر اچانک دھاوا کردیا اور بہار سے تعلق رکھنے والے 36 بچہ مزدوروں کو رہا کروالیا ۔ بچوں کے حقوق کو ان کارخانوں میں پامال کیا جارہا تھا جبکہ 14 سال سے کم عمر بچوں سے مزدور کروانا قانونی جرم ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ رہا کروائے گئے بچوں کو سعیدآباد میں واقع ریسکیو ہوم کو منتقل کیا گیا اور کارخانہ کے انتظامیہ کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے ۔