پرانا شہر حیدرآباد دہشت گردوں کے لیے محفوظ پنا ہ گاہ

کے سی آر حکومت کی صورتحال سے نمٹنے میں مجرمانہ غفلت ، بی جے پی
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی نے تلنگانہ میں کے سی چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت ٹی آر ایس حکومت کو اس بات کے لیے شدید تنقید کا نشانہ بنایا کہ وہ حیدرآباد پرانا شہر کو دہشت گردوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ بننے سے روکنے میں مجرمانہ غفلت برت رہی ہے ۔ بی جے پی ترجمان کرشنا ساگر راؤ نے حیدرآباد میں آئی ایس آئی ایس سرگرمیوں پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد اور پرانا شہر دہشت گردوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ بن چکے ہیں اور ریاستی حکومت اس کو روکنے میں ناکام ہے ۔ انہوں نے کہا چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے نرم رویہ اور اقلیتی ووٹ بینک سیاست نے شہر حیدرآباد کی شبیہہ کو بگاڑ دیا ہے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ این آئی اے نے حیدرآباد میں دہشت گردی منصوبہ کو ناکام کرتے ہوئے آج یہاں مختلف علاقوں سے گیارہ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے ۔
ان مشتبہ افراد کو پرانے شہر کے مختلف علاقوں سے پکڑا گیا ہے جب کہ شبہ کیا جاتا ہے کہ یہ تمام افراد دہشت گرد تنظیم آئی ایس ( دولت اسلامیہ ) کے مبینہ کارکن ہیں جو کہ شہر کے شاپنگ مالس اور پرہجوم بازاروں میں دہشت گرد کارروائی کا منصوبہ بنا رہے تھے ۔ ان کے قبضہ سے دو ایرگنس ، ایک پستول ، دھماکو الیکٹرانک آلات اور نقد رقم برآمد کی گئی ۔۔