خفیہ اطلاع پر ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی کے بعد توپ برآمد
حیدرآباد /29 جنوری ( سیاست نیوز ) پرانے شہر کے علاقہ پراناپل میں آج کھدوائی کے دوران دستیاب نادر توپ کو ٹاسک فورس پولیس نے برآمد کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ مغلیہ دور کی یہ توپ کو حلقہ گولکنڈہ فتح کرنے کیلئے استعمال کیا گیا تھا جواس وقت کی جدید ٹکنالوجی والی 1687e کی اس توپ کو پولیس نے محکمہ آثار قدیمہ کے حوالے کردیا ۔ تقریباً 6.5 فٹ لمبی یہ توپ 800 کیلو وزنی بنائی گئی ہے ۔ انسپکٹر ایسٹ زون ٹاسک فورس مسٹر سریدھر کے مطابق کھدوائی کے دوران پرانے پل کے علاقہ میں یہ دستیاب ہوئی ۔ ایک خفیہ اطلاع پر ٹاسک فورس پولیس فوری مقام پر پہونچ گئی اور 17 ویں عیسوی کی اس نادر توپ کو برآمد کرلیا ۔ لطیف نامی کنٹراکٹر اس علاقہ میں کھدوائی کا کام انجام دے رہا تھا یہ نادر توپ برآمد ہوئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس توپ کو جو اس زمانہ کی جدید ٹکنالوجی والی توپ ہے ۔ مغل شہنشاہ اورنگ زیب نے قلعہ گولکنڈہ کو فتح کرنے کیلئے استعمال کیا تھا ۔ پہلی مرتبہ ناکامی کے بعد جب دوسری مرتبہ مغل شہنشاہ حیدرآباد پر حملہ آور ہوئے تھے ۔ تب انہوں نے قطب شاہی حکمراں ابوالحسن تاناشاہ کے خلاف جنگ میں اس توپ کو استعمال کیا تھا ۔ جس کے بعد یہ توپ لاپتہ ہوگئی تھی جو آج تقریباً 2 صدی بعد برآمد ہوئی ۔ لوہا ، پیتل ، زنک میٹل اور بر اس سے تیار کردہ ا س توپ کے گولے کا حلقہ 4 انچ بتایا گیا ہے ۔ جو دشمن پر قہر ڈھانے میں مہارت رکھتی تھی ۔ پولیس نے اس نادر توپ کو محکمہ آثار قدیمہ کے حوالے کردیا ۔