حیدرآباد۔ /31 جولائی(سیاست نیوز) حسینی علم پولیس نے پرانا پل پوچما مندر کو نقصان پہونچانے کے واقعہ میں ملوث محبوب نگر سے تعلق رکھنے والے ایک کسان کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ تیریا نائیک متوطن ضلع محبوب نگر پداگٹہ تانڈا کل شام بذریعہ لاری حیدرآباد فرٹیلائیزر خریدنے کی غرض سے پہونچا تھا ۔ اس نے رات دیر گئے پرانے پل کے قریب مئے نوشی کی اور بعد ازاں پرانا پل دروازہ کے قریب واقع پوچماں مندر میں داخل ہوکر وہاں موجود مورتی کو پتھر سے نقصان پہونچایا ۔ وہ وہاں سے فرار ہونے کی بھی کوشش کی تھی ۔ لیکن پولیس نے اسے رات میں ہی حراست میں لے لیا تھا ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ تیریا نائیک اور اس کی بیوی کے درمیان گھریلو جھگڑے چل رہے ہیں اور سابق میں اس کی بیوی نے مزید جہیز کیلئے ہراساں کرنے کا ایک کیس بھی درج کروایا تھا اور اسے جیل بھی بھیجا گیا تھا ۔ وہ اپنی ازدواجی زندگی سے دلبرداشتہ ہوگیا تھا اور بھگوان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس نے مبینہ طور پر پوچماں مندر کی مورتی کو نقصان پہونچایا ۔ واضح رہے کہ کل رات دیر گئے مندر کو نقصان پہونچانے کے واقعہ کے بعد پرانے پل کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں کشیدگی پیدا ہوگئی تھی اور اکثریتی فرقے سے تعلق رکھنے والے افراد راہ چلتے مسلمانوں پر حملے کرنے لگے تھے ۔ مقامی سنگھ پریوار کے کارکنوں نے بطور احتجاج ٹریفک جام کردی تھی اور اس واقعہ کا ذمہ دار اقلیتی طبقہ کو ٹھہرانے کی ناکام کوشش کی تھی ۔ حسینی علم پولیس نے تیریا نائیک کو حراست میں لیکر کڑی تفتیش کرنے پر حقائق کا انکشاف ہوا ہے لیکن شرپسند عناصر معمولی واقعہ کو بھی فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں اور شہر کی پرامن فضاء کو مکدر کرنے کی کوششیں جاری ہیں ۔ اس واقعہ کے بعد سٹی پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے شہر کے حساس علاقوں میں پولیس کو چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے اور اس قسم کے واقعات رونما ہونے پر بروقت کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔