پرانائے متواتر دوسرے انڈونیشین ماسٹرس کے فائنل میں

پالم بانگ ۔ 13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے نوجوان ابھرتے بیاڈمنٹن کھلاڑی ایچ ایس پرانائے نے متواتر دوسری مرتبہ انڈونیشین ماسٹرس کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جیسا کہ انہوں نے 1.25 لاکھ امریکی ڈالرس انعامی رقم کے ٹورنمنٹ انڈونیشین ماسٹرس گرانڈ پری گولڈ کے سیمی فائنل میں ملائیشیائی کھلاڑی ڈیرن لیو کو شکست دی ہے۔ ٹورنمنٹ میں پانچویں مقام کے حامل کھلاڑی پرانائے گزشتہ ہفتہ ویتنام گرانڈ پری کے فائنل میں شکست ہوئی تھی۔ انہوں نے ڈیرن کو 21-14، 14-21، 21-14 سے شکست دی ہے۔ کامیابی کے لئے دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تقریباً ایک گھنٹہ طویل مقابلے میں مسابقتی کھیل دیکھنے کو ملا۔ ہندوستانی کھلاڑی کا فائنل میں کل کھیلے جانے والے دوسرے سیمی فائنل کے فاتح کھلاڑی سے ہوگا جوکہ انڈونیشیا کے کوالیفائر کھلاڑی فرمان عبدالخلیق اور ملائیشیا کے ذوالفضلی ذوالقفلی سے ہوگا۔ پرانائے نے 2010ء سمر یوتھ اولمپکس میں بوائز کے سنگلز کا سلور میڈل بھی حاصل کیا۔