حیدرآباد ۔ /6 جولائی (سیاست نیوز) ونستھلی پورم علاقہ سے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والے رئیل اسٹیٹ تاجر کی نعش آج 5 دن بعد علاقہ حیات نگر میں مشتبہ حالت میں دستیاب ہوئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ وینکٹ ریڈی ساکن ونستھلی پورم یکم جولائی کو اپنے مکان سے پراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا تھا اور اس کے ارکان خاندان نے ونستھلی پورم پولیس میں گمشدگی کی شکایت درج کروائی تھی جس کے نتیجہ میں پولیس نے ایک مقدمہ درج کرکے اس کی تلاش شروع کردی ۔ آج رئیل اسٹیٹ تاجر کی نعش علاقہ حیات نگر سے مشتبہ حالت میں دستیاب ہوئی اور پولیس کو شبہ ہے کہ اس نے خودکشی کرلی ہے ۔ ونستھلی پورم پولیس کی ایک ٹیم موقعہ واردات پر پہونچ کر وہاں کا معائنہ کیا اور اسی دوران پولیس ٹیم کو وینکٹ ریڈی کا ایک خودکش نوٹ برآمد ہوا جس میں اس نے مبینہ طور پر یہ بتایا کہ رئیل اسٹیٹ تاجر گنیش ریڈی اور چاری نے اسے اراضی معاملے میں دھوکہ دیا ہے اور اس کیس میں انسپکٹر ونستھلی پورم مسٹر پی گوپالا کرشنا مورتی نے بھی اسے دھمکایا تھا ۔ خودکش نوٹ میں انسپکٹر ونستھلی پورم کے نام کا انکشاف ہونے پر سائبر آباد کے اعلیٰ پولیس عہدیدار چوکس ہوگئے اور اس سلسلے میں تفصیلی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے ۔ پولیس نے نعش کو دواخانہ عثمانیہ میں پوسٹ مارٹم کے بعد رشتہ داروں کے حوالے کردیا ۔