کوڑنگل 22 اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گزشتہ روز سہ پہر مسٹر مدھو سدن ریڈی ایڈوکیٹ کی قیامگاہ پر کانگریس پارٹی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر سابق ایم پی مسٹر وٹھل راؤ نے پرہجوم پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ پچاس سال میں بھی محبوب نگر، رنگاریڈی لفٹ اریگیشن اسکیم تکمیل نہ ہوسکے گی۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ ٹی آر ایس حکومت ناممکن پراجکٹوں کے نام پر وقت گزاری کررہی ہے۔ ابتداء میں 20 ٹی ایم سی پر مشتمل نارائن پیٹ، کوڑنگل لفٹ اریگیشن کیلئے سال 2006-2008 ء میں شکل دے گئی۔ دوسری مرتبہ 70 ٹی ایم سی پانی آبپاشی اور پینے کیلئے سربراہی کیلئے تبدیل کی گئی۔ تیسری بار 90 ٹی ایم سی پانی سری سیلم سے لاکر محبوب نگر، رنگاریڈی لفٹ اریگیشن اسکیم سات لاکھ ایکر اراضی کی سیرابی کے لئے 35 ہزار کروڑ روپیوں کے سرمایہ سے مکمل کرنے کے لئے چیف منسٹر کے سی آر کا کہنا ہے۔ مذکورہ حالات کا تفصیلی مشاہدہ کرنے کے بعد محبوب نگر لفٹ اریگیشن پراجکٹ کے پایہ تکمیل کو پہونچنے پر شبہ پیدا ہوتا ہے۔ موصوف نے کہاکہ اس علاقہ کے قائدین کا حکومت پر دباؤ ڈالنا ناگزیر ہے اور انکشاف کیاکہ نارائن پیٹ، کوڑنگل لفٹ اریگیشن اسکیم 20 ٹی ایم سی مختص کرنے پر 1.08 لاکھ ایکر اراضیات کو سیراب کیا جاسکتا ہے۔ اس پروگرام میں کانگریس منڈل پریسیڈنٹ دامودر ریڈی، کرشنم راجو، مدھو سدن ریڈی، ایم اے متین، حبیب خان، شیکھر اور وینکیا گوڑ وغیرہ نے حصہ لیا۔