پدم شری شاہد کی اہلیہ مودی کوایوارڈ واپس کریں گی

وارانسی۔17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) پدم شری اور ارجن ایوارڈ سے سرفراز مرحوم محمد شاہد کی اہلیہ پروین نے مرکز اور ریاستی حکومت پر وعدہ خلافی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے اپنے خاوند کو ملے ایوارڈز اور میڈلس وزیراعظم نریندر مودی سے ملکر واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پروین نے میڈیا سے کہا کہ وہ21 جولائی کو دہلی جاکر وزیراعظم سے ملنے کی کوشش کریں گی اور ان سے اگر ملاقات ہوتی ہے تو وہ اپنے خاوند کو ملے تما م سرکاری ایوارڈز اور میڈلس لوٹادیں گی۔ان کا الزام ہے کہ 20 جولائی 2016کو ان کے خاوند کا طویل علالت کے بعد انتقال ہوگیا تھا۔ اس کے بعد حکومت کی جانب سے ان کے خاندان کے ساتھ تعزیت کرنے آئے لوگوں نے کئی وعدہ کئے لیکن ایک وعدہ پر بھی عمل نہیں ہوا ۔ مسٹر مودی کے وارانسی دوروں کے دوران انہوں نے ان سے ملنے کی کئی مرتبہ کوشش کی لیکن ضلع انتظامیہ نے اس کی اجازت نہیں دی۔ اس وجہ سے انہوں نے اب دہلی جاکر وزیراعظم سے ملنے کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈیریکا اسٹیڈیم کا نام شاہد کے نام پر رکھے جانے کا وعدہ کیا تھا لیکن ڈیریکا انتظامیہ کی جانب سے آج تک اس پر کوئی پہل نہیں کی گئی۔