پدما دیویندر ریڈی کو دوبارہ امیدوار بنانے کا اعلان

میدک میں ٹی آر ایس کارکنوں میں خوشی کی لہر ، زبردست آتشبازی
میدک /7 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) صدر تلنگانہ راشٹریہ سمیتی نگرانکار وزیر اعلی مسٹر کے چندرا شیکھر راؤ نے حلقہ اسمبلی میدک سے سابق ڈپٹی اسپیکر ریاستی قانون ساز اسمبلی محترمہ ایم پدمادیویندر ریڈی کو مجوزہ اسمبلی انتخابات میں دوبارہ امیدوار بنانے کا اعلان کیا ہے ۔ جس کے ساتھ ہی حلقہ اسمبلی میدک کے منڈل میدک ، چنا شنکرم پیٹ ، رامائم پیٹ اور بالخصوص میدک ٹاون میں پارٹی کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔ اس اعلان پر میدک میں آتش بازی کی گئی اور کارکن نے آپس میں مٹھائیاں تقسیم کرتے ہوئے بغلگیر ہوئے اور سوشیل میڈیا پر ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مسرت کا اظہار کیا ۔ صدرنشین بلدیہ میدک مسٹر اے ملکارجن گوڑ ، وائس چیرمین بلدیہ راگی اشوک بلدی کونسلرس مسرز ایم گنگادھر ، سید صادق ، سرینواس اور دیگر مسرز میر اصغر علی، محمد مجیب ، غوث قریشی ، سید عمر محی الدین نے آپس میں ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کئے ۔ اس طرح صدرنشین زرعی مارکیٹنگ کمیٹی میدک مسٹر چلہ نریندر اور سی ایچ نرسملو ، لنگاریڈی اور دیگر نے سابق ڈپٹی اسپیکر کی رہائش گاہ واقع حیدرآباد پہونچکر دلی مبارکباد پیش کئے ۔ پدمادیویندر ریڈی کے خاوند مسٹر ایم دیویندر ریڈی نے بھی انہیں مٹھائی کھلاتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا ۔