پداپور میں عرس شریف کا آج سے آغاز

سنگاریڈی۔/3مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب صوفی شیخ مزمل قادری و صوفی محمد فرید الدین قادری شطاری و منتظمین خانقاہ انوار ذاکر کے پریس نوٹ کے مطابق صوفی شاہ محمد ذاکر المعروف اقبال پاشاہ قادری شطاری کا 34واں اور مولانا صوفی محمد ساجد پاشاہ قادری شطاریؒ کامل جامعہ نظامیہ کا 12واں اعراس شریف4مئی تا6مئی احاطہ خانقاہ انوار ذاکر دارالعلوم انوار ذاکر موضع پدا پور تعلقہ سدا سیو پیٹ ضلع میدک میں عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوگا۔ صوفی شاہ ذیشان پاشاہ قادری شطاری سجادہ نشین درگاہ صوفی نگر نرمل کی سرپرستی اور صوفی شاہ علی پاشاہ قادری بانی خانقاہ دارالعلوم انوار ذاکر کی نگرانی میں منعقد ہوگا۔ 4مئی بروز اتوار بعد نمازظہر محفل قل و قصیدہ بردہ شریف سے عرس کا آغاز ہوگا۔ بعد نماز عصر غسل شریف ہوگا۔ بعد نماز عشاء محفل سماع جلوس صندل مبارک از فیضی چوک نعل صاحب گڈہ سنگاریڈی سے برآمد ہوکر خانقاہ انوار ذاکر پہنچے گا۔ جس میں رفاعی فقراء اپنے فن ضربات کا مظاہرہ کریں گے۔5مئی بروز پیر بعد نماز فجر مراسم صندل مالی مولانا صوفی شاہ علی پاشاہ قادری شطاری انجام دیں گے۔ بعد نماز ظہر زیارت آثار مبارکؐ کروائی جائے گی جس میں مرد و خواتین کے لئے علحدہ انتظامات کئے گئے ہیں۔ بعد نماز مغرب جلسہ جشن عظمت مصطفی ؐ و فیضان نسبت اولیاء و دستار بندی فارغین حفاظ دارالعلوم انوار ذاکر مقرر ہے۔ جلسہ کا آغاز تلاوت کلام پاک حافظ و قاری محمد اعظم قادری اشرفی سے ہوگا۔ صوفی محمد واجد علی قادری شطاری، سید منصور علی و دیگر نعت خواں حضرات بارگاہ رسالت مآب میں ہدیہ نعت شریف پیش کریں گے۔مفتح خواجہ شریف شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ و مولانا مفتی سید ضیاء الدین نقشبندی نائب شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ کے خطابات ہوں گے۔ فارغ حفاظ کرام کی دستاربندی و عطائے سند علماء کرام کے دست مبارک سے ہوگی۔ شب بھر مختلف بانیان خانقاہ خلفاء کرام اپنی اپنی جانب سے صندل و غلا مبارک مزارات مقدس پر پیش کریں گے۔ 6مئی بروز منگل بعد نماز فجر تلاوت کلام پاک ختم قرآن، حلقہ شریف، محفل قل، محفل سماع و رنگ کا اہتمام ہوگا۔ منتظمین نے شرکت کی خواہش کی ہے۔