ویراٹ (82) اور روہت (63 ناٹ آؤٹ) کی ہاف سنچریاں ، ہندوستانی اننگز 443/7 پر ڈیکلیر ۔ آسٹریلیا 8/0
ملبورن ۔ 27 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چتیشور پجارا نے ایک اور عمدہ سنچری اسکور کی اور کیپٹن ویراٹ کوہلی ( 82) کے ساتھ مل کر ہندوستان کو آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹسٹ کے آج یہاں دوسرے دن مستحکم موقف دلایا ۔ اسکورنگ کی شرح گذشتہ روز کے مقابل کچھ بہتر رہی جب کہ پہلے دن 215/2 اسکور کئے گئے تھے لیکن آج بہتر رن ریٹ کے ساتھ ہندوستان نے 443/7پر اپنی پہلی اننگز ڈیکلیر کردی جس کے بعد آسٹریلیا نے 6اوورس کے ممکنہ کھیل میں 8/0بنائے ۔ پجارا سیریز کی اپنی دوسری سنچری کے ساتھ نمایاںکھلاڑی ثابت ہوئے اور 319گیندوں میں 106 رنز کی بے نقص اننگز کھیلی جس نے یقینی بنایا کہ ہندوستان اپنی اچھی شروعات کو آگے بڑھائے ۔ ایسا سمجھا جارہا ہے کہ ٹسٹ کرکٹ میں ابھی تک اُن کی یہ سست ترین سنچری ہے ۔ کوہلی نے 204گیندوں میں 82رنز کا نمایاں حصہ ادا کیا لیکن 70ویں اوور میں ڈیکلریشن کردیا جب کہ روہت شرما 114گیندوں میں 63 پر ناٹ آؤٹ کھیل رہے تھے ۔ کوہلی کی اننگز نے انہیں ایک شخصی سنگ میل حاصل کرنے میں مدد کی جب انہوں نے سمندر پار ٹسٹ میچوں میں ایک کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ رنز کے راہول ڈراویڈ (1137) کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا ۔ روہت کی اننگز میں 4چوکے شامل رہے ۔ جب کہ پیاٹ کمنس آسٹریلیائی بولروں میں سب سے نمایاں رہے ۔ انہوں نے 34اوورس کی سخت محنت میں 3/72 کے اعداد و شمار درج کرائے ۔ کھیل کے ختم پر اوپنرس آرن فنچ اور مارکس ہیرس ترتیب وار 3اور 5پر ناٹ آؤٹ رہے ۔ ہندوستانیوں کی طرف سے آج ٹھوس بیٹنگ کا مظاہرہ ہوا جو کوہلی کے ماقبل میچ بیانات میں مسلسل کہا جارہا تھا ۔ مہمان کھلاڑیوں نے صبر کا مظاہرہ کیا اور ابتدائی دو سیشنس میں میزبان بولروں کو شائد ہی کوئی موقع دیا ۔ جس کے نتیجہ میں دوسرے دن کے اختتام پر ہندوستان کی مستحکم پوزیشن ہوگئی ۔ چائے کے بعد کے سیشن میں ہندوستان کو آسٹریلیا کی طرف سے فیلڈنگ میں کئی غلطیوں سے بھی مدد ملی ۔ ہوم ٹیم نے تین آسان مواقع گنوائے اور تمام مواقع ناتھن لیون ( 1/110) کی گیندوںپر گنوائیں گئے ۔ جس کی وجہ سے دن بھر 48 اوورس پھینکنے کے باوجود ان کے لئے مایوس کن دن ثابت ہوا ۔ سب سے پہلے 147ویں اوور میں متبادل فیلڈر پیٹرسیڈل نے روہت کا کیچ بیاک ورڈ اسکوائرلیگ پر گرا دیا جب کہ بیٹسمین کا اسکور 15تھا ۔ کچھ دیر بعد اجنکیا رہانے (34) خوش قسمت رہے جب 32کے انفرادی اسکور پر ٹراویس ہیڈ شارٹ لیگ پر کیچ پکڑ نہیں پائے ۔ ریشپ پنتھ(39)نے غیرمتوقع دفاعی اننگز کھیلی اور 159 ویں اوور میں لیون کے خلاف انہوں نے ہوا میں شارٹ کھیلا جسے کمنس نے کیچ نہیں بنایا ۔ اس وقت پنتھ کا اسکور 15تھا ۔ آسٹریلیا نے 167 ویں اوور میں تیسری نئی گیند لی اور اس سے انہیں فائدہ ہوا جب میچل اسٹارک نے کامیابی حاصل کی ۔ دیگر ناٹ آؤٹ بیٹسمین رویندر جڈیجہ (4) رہے ۔