اڈیلیڈ ۔6 ڈسمبر( سیاست ڈاٹ کام ) چتیشور پجاراکے شاندار 123 رنز کی سنچری کی بدولت ہندستانی کرکٹ ٹیم نے مایوس کن شروعات کے بعد یہاں اڈیلیڈ اوول میں آسٹریلیا کے خلاف جمعرات کو پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک نو وکٹ گنوا کر 250 رنز بنائے ہیں ۔آسٹریلیا میں تاریخ رقم کرنے کی مضبوط دعویدار مانی جا رہی دنیا کی نمبر ایک ٹسٹ ٹیم کی پہلے ٹسٹ کے پہلے ہی دن کارکردگی مایوس کن رہی۔ محض86 رنز پر آدھی ٹیم گنوانے کے بعد وا ل کہے جانے والے پجارا کی سنچری سے ہندوستان نے پہلی اننگز میں دن کا کھیل ختم ہونے تک 87.5 اوورس میں نو وکٹوں پر 250 رنز بنائے ۔ مہمان ٹیم کے واحد وکٹ محمد سمیع فی الحال چھ رن بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔ میزبان ٹیم نے گھریلو میدان پر بہترین بولنگ کی اور مسلسل وقفے پر ہندستانی ٹیم کے وکٹ اکھاڑے ۔ میچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز کی فاسٹ بولنگ نے توقع کے مطابق کھیل دکھاتے ہوئے فی کس دو وکٹ لئے جبکہ آف اسپنر ناتھن لیون کو بھی دو وکٹ ملے ۔ایک سرے پر ٹک کر رنز کے لیے جدوجہد کر رہے پجارا نے تقریبا پورے دن بیٹنگ کی اور246 گیندوں میں سات چوکے اور دو چھکے لگا کر123 رنز کی سنچری بنائی۔ کمنز نے انہیں رن آؤٹ کرتے ہوئے نویں اور دن کے آخری بیٹسمین کے طور پر آؤٹ کیا۔ پجارا نے اپنی16 ویں ٹسٹ سنچری کی بدولت ہندستان کو کچھ قابل احترام موقف میں پہنچایا۔ پجارا نے ٹیم کے آٹھ بیٹسمینوں کے ساتھ مفید شراکت کیں۔ انہوں نے روی چندرن اشون(25) کے ساتھ ساتویں وکٹ کے لیے اننگز میں 62 رنز کی واحد نصف سنچری شراکت کی۔ اوپننگ کے مایوس کن کارکردگی کے بعد لوور آرڈر کے کھلاڑیوں نے بورڈ پر رنز درج کئے ۔ آل راؤنڈر اشون نے اپنی76 گیندوں کی اننگز میں ایک چوکا لگایا۔ وہ پجارا کے بعد دیر تک ٹکنے کا جذبہ دکھانے والے دوسرے بیٹسمین رہے ۔ پہلے دن ہندستان کی اننگز میں دوسرا بڑا اسکور روہت شرما کا رہا جنہوں نے37 رنز بنائے ۔ روہت نے بہت آسانی سے اپنا وکٹ گنوایا اور بڑی اننگز نہیں کھیل سکے ۔اس سے پہلے اڈیلیڈ اوول میں ہندستانی کپتان وراٹ کوہلی کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ آغاز سے ہی غلط ثابت ہوا اور مہمان ٹیم کا لنچ تک اسکا اسکور محض56 رنز پر چار وکٹ تھا۔ راہول اور مرلی وجے کی اوپننگ جوڑی سستے میں پویلین لوٹ گئی جس سے ٹیم اچھی شروعات حاصل نہیں کر سکی۔ آسٹریلیائی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے راہول کو آرون فنچ کے ہاتھوں کیچ کروایا جو محض دو رنز بنا پائے جبکہ ٹسٹ ماہر مرلی 22 گیندوں میں11 رنز بنا کر مچل اسٹارک کا شکار بن گئے ۔ ہندستانی اوپننگ جوڑی کے سستے میں پویلین لوٹنے کے بعد نمبر ایک ٹسٹ بیٹسمین کوہلی بھی مایوس کر گئے ۔ وہ پیٹ کمنز کی گیند پر آؤٹ ہوئے جب گلی میں عثمان خواجہ نے بائیں طرف چھلانگ لگاتے ہوئے گیند کو لپک کر آسٹریلیا کے لیے سب سے اہم وکٹ دلوایا۔ کوہلی16 گیندوں میں تین رن ہی بنا سکے ۔ ہندستانی اننگز میں وکٹ مسلسل گرتے رہے اور نائب کپتان اجنکیا رہانے13 رنز پر ہیزل ووڈ کی گیند پر پیٹر ہیڈ اسکوب کوکیچ دے بیٹھے ۔ روہت شرما نے اگرچہ پجارا کے ساتھ مل کر کچھ پر جدوجہد اننگز کھیلی۔ تقریبا 12 ماہ بعد ٹسٹ ٹیم میں واپسی کر رہے روہت نے61 گیندوں میں دو چوکے اور تین چھکے لگا کر37 رنز بنائے ۔ کمنز کی گیند پر کور میں روہت کا چھکا بہترین رہا لیکن وہ اس اننگز کو دیر تک جاری نہیں رکھ سکے اور آف اسپنر ناتھن کو وکٹ دے بیٹھے ۔