میرپور (بنگلہ دیش) ۔ یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے خلاف کل کھیلے جانے والے اہم مقابلہ میں امکان ہے کہ ٹسٹ کے ماہر بیٹسمین چیتیشور پجارا اور فاسٹ بولر ورون آرون کو قطعی گیارہ کھلاڑیوں میں شامل کیا جائے گا جیسا کہ آج ہندوستانی ٹیم کے بولنگ کوچ جیو ڈیوس نے پجارا اور فاسٹ بولر آرون کو خصوصی تربیت دیتے رہے جیسا کہ دونوں ہی کھلاڑیوں نے بولنگ اور بیاٹنگ کے بعد کیچس کی پریکٹس بھی کی۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ جنھوں نے پجارا کو صرف تین بولروں کی خدمات فراہم کی تھی اُس کا انھوں نے فائدہ اُٹھاتے ہوئے سخت دھوپ میں تقریباً ایک گھنٹہ پریکٹس کی۔ پجارا نے نیٹ پریکٹس کے دوران چند دلکش اسٹروکس کھیلے۔
پجارا کی ٹیم میں شمولیت اِس لئے بھی یقینی دکھائی دے رہی ہے کیونکہ دھونی کی غیر موجودگی میں ہندوستان کا مڈل آرڈر ناتجربہ کار اور کامیاب بھی نہیں ہوپارہا ہے۔ پجارا نے ہندوستان کے لئے 2 ونڈے مقابلوں میں نمائندگی کی ہے اور اِن دو مقابلوں میں انھوں نے بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ تیز رفتار کرکٹ میں بھی بہتر مظاہرہ کرسکتے ہیں۔ پجارا کی شمولیت توجہ کا مرکز ہے کیونکہ وہ ٹسٹ کرکٹ میں بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے خود کو ٹیم کے سابق کپتان راہول ڈراویڈ کا جانشین منوارہے ہیں اور اب جبکہ کٹر حریف پاکستان کے خلاف ہندوستان کل انتہائی اہم مقابلہ کھیلے گا تو اِس میں مڈل آرڈر کو مستحکم کرنا پجارا کی ذمہ داری ہوگی۔