حیدرآباد۔30 مئی (سیاست نیوز) جوبلی ہلز کے ایک پب میں لڑکی کے ساتھ بدسلوکی اور نازیبا حرکت کے الزام میں پولیس نے دو افراد کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ اس معاملہ میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری باقی ہے۔ گزشتہ روز جوبلی ہلز روڈ نمبر 36 میں واقعہ پب کی پارکنگ میں واقعہ پیش آیا۔ گرفتار 25 سالہ عبدالسعید اور اس کا ساتھی 25 سالہ احمد بن ادریس پر الزام ہے کہ ان دونوں اپنے دو دیگر ساتھیوں کے لئے نام نہیں بتائے گئے کہ ہمراہ پب گئے تھے اور پب میں شرکت سے شراب نوشی کے بعد ہی افراد پارکنگ میں پہونچے اور اسی وقت ایک 23 سالہ لڑکی اپنی سہیلیوں کے ہمراہ پہنچی۔ پولیس کے مطابق لڑکی بھی پب سے باہر آئی تھی۔ گرفتار افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے لڑکی سے بدسلوکی کی اور اس کا ہاتھ پکڑ کر اپنے قریب کرنے کی کوشش کی ۔ اس واقعہ کے خلاف لڑکی نے پولیس سے رجوع ہوکر شکایت کردی اور لڑکی کی شکایت پر تحقیقات کے بعد پولیس ان دونوں افراد جو ایرہ کنٹہ اور چندرائن گٹہ کے ساکنان ہیں کو گرفتار کرلیا اور مزید دو کی تلاش جاری ہے۔
شوہر اور بیوی کے درمیان جھگڑا بیوی کی موت
حیدرآباد۔30 مئی (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ فلک نما میں شوہر اور بیوی کے درمیان گھریلو جھگڑے بیوی کی موت کا سبب بن گیا۔ جہاں شوہر کی برہمی نے ایک خاندان کی تباہی اور ان کے بچوں کو پریشانی میں مبتلا کردیا۔ یہ واقعہ کل جہاں نما علاقہ میں پیش آیا ۔ پولیس انسپکٹر فلک نما مسٹر یادگیری کے مطابق محمد کلیم کے مبینہ حملہ میں اس کی بیوی 40 سالہ نعیم بیگم ہلاک ہوگئی۔ کل دوپہر میں میاں بیوی کے درمیان معمولی بات پر بحث و تکرار ہوگئی اور بحث و تکرار ایک دوسرے کے جوابی جملوں سے جھگڑے کا رخ اختیار کرگئی۔ اس دوران برہمی کے عالم میں کلیم نے مبینہ طور پر جگ سے اپنی بیوی کے سرپر حملہ کردیا اور اس دوران وہ شدید زخمی ہوگئی۔ تاہم فوری طور پر اس خاتون کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران یہ خاتون رات دیر گئے فوت ہوگئی۔ انسپکٹر مسٹر یادگیری نے بتایا کہ نعیم کی موت کے بعد قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ کلیم پیشہ سے آٹو ڈرائیور بتایا گیا ہے۔