پبلک سرویس کمیشن امتحان میں مزمل خاں تلنگانہ میں ٹاپر

کل ہند سطح پر 22واں رینک، والد اے کے خاں کا بارگاہ خداوندی میں شکر

حیدرآباد۔/31مئی، ( سیاست نیوز) مشیر برائے ریاستی حکومت تلنگانہ و سابق ڈائرکٹر جنرل آف پولیس اینٹی کرپشن بیورو جناب اے کے خاں کے فرزند مسٹر مزمل خاں کو یونین پبلک سرویس کمیشن کے جاری کردہ نتائج میں کل ہند سطح پر 22واں رینک حاصل ہوا، اور ریاست تلنگانہ میں ٹاپر رہنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ سال2016-17 کے منعقدہ یونین پبلک سرویس کمیشن امتحانی نتائج آج جاری کئے گئے۔ جن میں جملہ 1099 منتخبہ امیدواروں کی فہرست شامل ہے۔ رمضان کے مبارک ماہ کے آغاز پر یونین پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے اپنے فرزند مسٹر مزمل خاں کے آئی اے ایس کیلئے انتخاب نے جناب اے کے خاں کے گھر میں خوشی کی لہر دوڑادی۔ جناب اے کے خاں نے اپنے فرزند کے یونین پبلک سرویس کمیشن امتحانی نتائج میں 22واں رینک حاصل ہونے پر سیاست نیوز سے بات کرتے ہوئے اپنی خوشی و مسرت کا اظہار کیا اور خدائے تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یوں تو گذشتہ سال ہی مسٹر مزمل خاں نے یونین پبلک سرویس کمیشن امتحان میں شرکت کرکے زائد رینک حاصل کرنے پر آئی آر ٹی ایس کیلئے انتخاب عمل میں آیا تھا اور وہ اپنی خدمات انجام دیتے ہوئے اپنے حقیقی مقصد میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے دوبارہ 2016-2017 کے یونین پبلک سرویس کمیشن امتحان میں شرکت کی تھی ۔ اس طرح سخت محنت شاقہ کے ذریعہ شاندار کامیابی کے ذریعہ مسٹر مزمل نے نہ صرف اپنے دادا جناب عبدالکریم خاں مرحوم کی خواہش پوری کی بلکہ والد جناب عبدالقیوم خاں کا نام روشن کیا۔ مسٹر مزمل خاں کی یونین پبلک سرویس کمیشن میں شاندار کامیابی کی اطلاع کے ساتھ جناب اے کے خاں اور مسٹر مزمل خاں کو اپنے رشتہ داروں ، عزیز و اقارب کے علاوہ آئی اے ایس و ـآئی پی ایس عہدیداروںو سیاسی قائدین کے ساتھ ان کے بہی خواہوں کی جانب سے مبارکبادیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔