نارائن پیٹ /3 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نارائن پیٹ ٹاون کے محلہ جات دھول پیٹ ، گوپال پیٹ اور مارکٹ لائین میں آج صبح سویرے پاگل و آوارہ کتے نے دہشت پھیلادی ۔ اس کتے نے 25 افراد بشمول خواتین اور کمسن بچوں کو کاٹ لیا جنہیں گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل نارائن پیٹ میں علاج کیا جارہا ہے ۔ شدید زخمی افراد کو علاج گورنمنٹ ہیڈ کوارٹر ہاسپٹل محبوب نگر منتقل کیا گیا ہے ۔ عرصہ سے آوارہ کتوں کی بہتات اور عوام کو کاٹنے کے واقعات پر بلدیہ نارائن پیٹ کو متوجہ کیا جارہا ہے ۔ لیکن اس جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ گذشتہ دنوں بھی اس آوارہ اور پاگل کتے نے کمسن اسکولی بچوں کو کاٹ لیا تھا ۔ ٹاون میں آوارہ کتوں کے علاوہ خنزیروں کی بھی بہتات ہوگئی ہے ۔ جس سے گندگی اور تعفن پھیل رہا ہے ۔ ٹاون کے بعض علاقوں میں مہلک مرض ڈینگو سے متاثرین کی تعداد میں آئے دن اضافہ ہو رہا ہے ۔ محکمہ صحت اور بلدیہ اس جانب فوری توجہ نہ دے تو یہ مرض وباء کی شکل اختیار کرسکتا ہے ۔ بعد ازاں اس کتے کو بلدیہ والوں نے ہلاک کردیا ۔