پاک ۔ نیوزی لینڈ ٹسٹ ایک دن کیلئے ملتوی

شارجہ۔27 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیائی نوجوان بیٹسمین فلپ ہیوز کے آج سڈنی کے سینٹ ونسنٹ ہاسپٹل میں انتقال کرجانے کے بعد جہاں دنیائے کرکٹ غم و سوگ کے ماحول میں مبتلا ہوچکی ہے وہیں شارجہ کے میدان پر پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جارہے تیسرے ٹسٹ کے دوسرے دن کا کھیل ملتوی کردیا گیا ہے ۔ دونوں ٹیموں کے ارباب مجاز نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ دوسرے دن کے کھیل کو ملتوی کرتے ہوئے مقابلہ میں ایک دن کا اضافہ کرلیا جائے اور اب کل مقابلہ کا دوسرا دن ہوگا ۔ واضح رہے پاکستان نے پہلے دن ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے 281/3رنز اسکور کرلئے ہیں اور محمدحفیظ 178رنز پر کھیل رہے ہیں۔

چینائی سوپر کنگس کو نااہل قرار دینے سپریم کورٹ کا بی سی سی آئی سے سوال
نئی دہلی ۔27نومبر ( سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ آج بی سی سی آئی سے کہا ہے کہ آئی پی ایل 2013ء اسپاٹ فکسنگ کے مقدمہ میں مفادات کے تصادم کی روسے چینائی سوپر کنگس کو ٹورنمنٹ میں شرکت کیلئے نااہل کیوں قرار نہیں دیتا ۔ سپریم کورٹ نے مزید کہا ہے کہ نئے انتخابات میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہے تاہم اُن افراد کو انتخابات میںشرکت کی اجازت نہ دی جائے جو کہ مقدمہ میں شامل ہیں۔