ابوظہبی29 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ایک شاندار کامیابی کے نتیجہ میں حاصل ہونے والی برتری برقرار رکھنے کا چیلنج درپیش ہے جیسا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان کل یہاں دوسرے ٹسٹ کا آغاز ہورہا ہے جہاں پاکستانی ٹیم کو 20 سال بعد آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ سیریز میں کامیابی کا سنہری موقع دستیاب ہے چونکہ دبئی ٹسٹ میں 221 رنز کی کامیابی کی بدولت اُسے سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل ہے۔ پاکستان نے آخری مرتبہ آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ سیریز 1994ء میں سلیم ملک کی کپتانی میں جیتی تھی۔کپتان مصباح الحق نے اِس ضمن میں کہاکہ انھیں دبئی ٹسٹ کی کامیابی کی اہمیت کا اندازہ ہے لہٰذا وہ کسی قیمت پر سیریز جیتنے کے موقع کو گنوانا نہیں چاہتے۔ مصباح الحق اگر یہ ٹسٹ میچ بھی جیتنے میں کامیاب ہوگئے تو وہ ٹسٹ کرکٹ میں پاکستان کے سب سے کامیاب کپتان بن جائیں گے۔ جیسا کہ وہ اس وقت 13 مقابلوں کی کامیابی کے ساتھ عمران خان اور جاوید میانداد کے برابر ہیں۔