اسلام آباد۔ 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے آج کہا کہ کابل میں نئی حکومت کے قیام کے بعد افغانستان کے ساتھ تعلقات بالخصوص باہمی سلامتی کے شعبہ میں ’’معیاری تبدیلی‘‘ وقوع پذیر ہوئی ہے۔ مسٹر نواز شریف نے افغان سفیر برائے پاکستان جانان موسیٰ زئی سے بات چیت کے دوران کہا کہ افغانستان میں برفانی تودے گرنے سے ہوئی تباہیوں پر انہیں سخت صدمہ پہونچا ہے۔ مسٹر موسیٰ زئی نے وزیراعظم کی رہائش گاہ پر یہ ملاقات کی تھی۔ مسٹر شریف نے ان سے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان پوری طرح افغانستان کے ساتھ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ’’سنگین چیلنج جیسی صورتِ حال سے نمٹنے میں اگر کوئی مدد درکار ہو تو پاکستان کو افغان عوام کیلئے امداد رسانی پر خوشی ہوگی۔ افغانستان میں گزشتہ ماہ برفانی تودے گرنے کے سبب 250 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ پاکستان نے اس المیہ کے متاثرین کی مدد کے لئے ہفتہ کے روز کی امدادی ساز و سامان سے لدے دو طیارے روانہ کیا تھا۔