پاک پرچموں کے تنازعہ پر این سی لیڈر کا استفسار

سرینگر ، 3 جون (سیاست ڈاٹ کام) کشمیر میں پاکستانی پرچموں کو لہرانے کے بار بار واقعات پر ابھرنے والے تنازعہ کے درمیان سینئر نیشنل کانفرنس لیڈر مصطفیٰ کمال نے آج سوال اٹھایا کہ کیوں مرکزی حکومت کو اس پر ’’الجھن‘‘ ہوتی ہے اور تجویز پیش کی کہ ہندوستان کو پڑوسی کے پرچم کا ’’احترام‘‘ کرنا چاہئے۔ جموں و کشمیر کے سابق وزیر اور نیشنل کانفرنس کے سرپرست فاروق عبداللہ کے بھائی مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستانی پرچموں کے لہرانے سے کیا بگڑ جائے گا؟ اب اس معاملے میں حکومت ہند بے چین ہورہی ہے، بلکہ مشتعل ہورہی ہے۔ یہ اقدام تو دانستہ ہورہا ہے۔ یہ آزاد قوم پاکستان کا پرچم ہے اور ہندوستان کو اس کا احترام کرنا ہوگا۔