پاک فائرنگ کیخلاف بی ایس ایف کو حکومت کی تائید

نئی دہلی ۔ 31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج بی ایس ایف کو ہدایت دی کہ جموں و کشمیر میں پاکستان کی طرف سے بلااشتعال فائرنگ کا موڑتوڑ جواب دیا جائے جبکہ پڑوسی ملک کی سرحد پر تعینات فورس کے ہاتھوں ایک جوان کی ہلاکت ہوئی ہے (متعلقہ خبر صفحہ 5 پر)۔ وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے ڈائرکٹر جنرل بارڈر سیکوریٹی فورس ڈی کے پاٹھک کو یہ ہدایت اس وقت دی جب آخرالذکر نے جموں سرحد کی موجودہ صورتحال کے تعلق سے انہیں بریفنگ دی، جہاں پاکستانی رینجرس نے آج بین الاقوامی سرحد کے پاس بی ایس ایف پٹرول پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے ایک جوان کو ہلاک کردیا اور ایک دیگر کو زخم آئے۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا کہ وزیرداخلہ نے ڈی جی، بی ایس ایف سے کہا کہ ایسی کسی بھی بلااشتعال فائرنگ کا مناسب اور موزوں جواب دیا جائے۔ ڈی جی بی ایس ایف نے وزیرداخلہ کو جموں و کشمیر کے سامبا سیکٹر میں پاکستان رینجرس کی جانب سے فائر بندی کی خلاف ورزیوں کے تعلق سے تفصیلی معلومات فراہم کی۔