دبئی ۔3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹوئنٹی 20 سیریز کا پہلا مقابلہ کل یہاں دبئی میں کھیلا جارہا ہے اور دونوں ٹیموں نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ دو مقابلوں کی یہ سیریز آسٹریلیا کے آنجہانی بیٹسمین فلپ ہیوز کے نام معنون کیا جائے گا۔ ہیوز جن کا جمعرات کو انتقال ہوا تھا اور آج ان کے آبائی شہر میں آخری رسومات ادا کی گئی ہیں۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلی جانے والی یہ سیریز دلچسپ ہونے کی توقع ہے، جیساکہ پاکستانی ٹوئنٹی 20 ٹیم کی قیادت شاہد آفریدی کررہے ہیں، جبکہ ٹیم میں چند کھلاڑیوں کی واپسی ہوئی ہے جس میں فاسٹ بولر عمر گل قابل ذکر ہیں۔ عمر گل نے آخری مرتبہ پاکستان کی ماہ اپریل میں ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں نمائندگی کی تھی جس کے بعد سے وہ گُھٹنے کے آپریشن کی وجہ سے بین الاقوامی کرکٹ سے دُور ہیں۔ گل کے ساتھ وہاب ریاض نئی گیند سے بولنگ کریں گے۔ ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے سرفہرست تین بولروں کا تعلق پاکستان سے ہے۔ پاکستان کے لئے سعید اجمل 85 وکٹیں، عمر گل 80 وکٹیں، کپتان شاہد آفریدی 78 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست تین مقامات اپنے نام رکھتے ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کیلئے نیتن مکالم وہ واحد بولر ہیں جو 52 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست بولر ہیں۔ پاکستان کے لئے دبئی کا انٹرنیشنل اسٹیڈیم خوش قسمت تصور نہیں کیا جاتا کیونکہ یہاں اسے گزشتہ سات مقابلوں میں صرف ایک کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ پاکستان کے لئے میڈل آرڈر میں صہیب مقصود کے زخمی ہونے کی وجہ سے نئے کھلاڑیوں کو موقع دیئے جانے کا امکان ہے ۔ ٹسٹ سیریز میں بہترین مظاہرہ کرنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد ، عمر اکمل سے وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری حاصل کرسکتے ہیں۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی مرتبہ کین ولیمسن کی قیادت میں میدان سنبھالے گی۔