پاک۔ افغان۔چین کے درمیان مذاکرات متوقع

اسلام آباد،6 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آج کہا کہ پاکستان ہمیشہ افغانستان میں امن عمل کی کوششوں کا حصہ بننے کیلئے بے چین رہا ہے اور وہ خوش ہیکہ چین افغانستان کی ترقی اور تعمیر نو میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ قریشی نے افغانستان کے طالب علموں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سہ فریقی مذاکرات کیلئے چین اور افغانستان کے ہم منصبوں سے ملنے کیلئے اس مہینے کابل جانے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیریاؤ ژنگ نے کہا کہ چینی حکومت اور وہاں کے لوگ امن کے عمل اور مفاہمت میں مزید مدد کریں گے۔ انہوں نے کہا‘‘علاقائی ممالک میں استحکام اور خوشحالی کے لئے مل کر کام کرنا ہمارا فرض اور ذمہ داری ہے ’’۔ انہوں نے کہا کہ چین، افغانستان اور پاکستان نے گزشتہ سال اس علاقے میں امن اور استحکام کے لئے سہ فریقی کوششوں کی شروعات کی تھی۔