پاک۔ویسٹ انڈیز کا دبئی میں پہلا ڈے نائیٹ ٹسٹ

لاہور۔ 23اگست (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان اور ویسٹ انڈیز ٹیمیں اس سال اکتوبر میں دبئی میں ایک ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ میچ میں مد مقابل ہوں گی جو دونوں ٹیموں کا ایسا پہلا ٹسٹ میچ ہوگا۔دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی سیریز کے مجوزہ تفصیلات کے مطابق 13تا 17 اکتوبر کھیلے جانے والے اس ڈے نائٹ ٹسٹ سے تین ٹسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز ہوگا اور یہ ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا ڈے نائٹ ٹسٹ میچ ہوگا۔یاد رہے کہ پی سی بی نے ویسٹ انڈیز کو اس سال اکتوبر میں ہونے والی ٹسٹ سیریز میں ایک ڈے نائٹ ٹسٹ میچ کھیلنے کی تجویز دی تھی۔حکام کے مطابق ویسٹ انڈیز نے کافی سوچنے کے بعد اس تجویز سے اتفاق کیا ہے۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم دبئی کے ڈے نائٹ ٹسٹ میچ کی تیاری کیلئے ایک ڈے نائٹ سہ روزہ میچ بھی کھیلے گی جس کی میزبانی شارجہ کو ملنے کا امکان ہے۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی سیریز تین ٹونٹی20 ، تین ونڈے اور تین ٹسٹ میچوں پر مشتمل ہوگی۔پہلے دو ٹوئنٹی20 مقابلے 23 اور 24 ستمبر کو دبئی میں ہوں گے جبکہ تیسرا مقابلہ 27 ستمبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔ونڈے سیریز کے پہلے دو مقابلے 30 ستمبر اور دو اکتوبر کو شارجہ میں ہوں گے جبکہ تیسرا ونڈے پانچ اکتوبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔پہلا ٹسٹ 13 تا 17 تک دبئی میں ہوگا۔ ابوظہبی 21 تا 25 اکتوبر دوسرے ٹسٹ کی میزبانی کرے گا۔