گال ۔17 جون (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان اور سری لنکا کے مابین پہلے ٹسٹ میچ کے پہلے دن کا کھیل بارش اور میدان گیلا ہونے کے باعث منسوخ کر دیا گیا ہے۔گال میں آج علی الصبح شدید بارش ہوئی اور پھر وقفے وقفے سے یہ سلسلہ دوپہر تک جاری رہا۔کھانے کے وقفے کے بعد بھی بارش جاری رہنے کے بعد امپائروں نے کھیل منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔ جمعرات کو دوسرے دن کا کھیل مقررہ وقت سے 15 منٹ قبل پونے دس بجے شروع ہوگا۔پاکستان اور سری لنکا کی تین ٹسٹ میچوں کی یہ سیریز دو سال کے مختصر عرصے میں ان دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی چوتھی سیریز ہے۔سری لنکائی کپتان اینجیلو میتھیوز کی امیدیں بائیں ہاتھ کے اسپنر رنگانا ہیراتھ سے وابستہ ہیں جنھوں نے پاکستان کے خلاف گذشتہ سیریز کے دو ٹسٹ میچوں میں 23 وکٹیں حاصل کر تے ہوئے اپنی ٹیم کو سیریز 2-0 سے جتوائی تھی۔پاکستانی کرکٹ ٹیم 2006 کے بعد سے سری لنکا میں کوئی ٹسٹ سیریز نہیں جیت پائی ہے۔ آخری مرتبہ اس نے انضمام الحق کی قیادت میں دو ٹسٹ میچوں کی سیریز 1-0 سے جیتی تھی۔سری لنکائی ٹیم کے کوچ مارون اتاپتو نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کو پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل کی غیر موجودگی سے نفسیاتی برتری حاصل ہو گی۔سعید اجمل گذشتہ سال سری لنکا کے خلاف گال ٹسٹ میں ہی مشتبہ بولنگ ایکشن کی وجہ سے پابندی کی زد میں آئے تھے جس کے بعد انھوں نے اپنے بولنگ ایکشن میں تبدیلی کی۔تاہم وہ بنگلہ دیش کے دورے میں کامیاب ثابت نہ ہو سکے اور انھیں سری لنکا کے دورے سے خارج کر دیا گیا اور اب وہ کاؤنٹی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔