پاک۔زمبابوے ونڈے سیریز پر غیر یقینی صورتحال

کراچی۔10 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) زمبابوے کرکٹ کے مالی بحران کے اثرات پاکستان اور زمبابوے کی ونڈے سیریز پر بھی دکھائی دے رہے ہیں۔ بولاوایو ہوٹل کو ایڈوانس میں ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے پاکستانی ٹیم کی روانگی میں مزید تین دن کی تاخیر ہوگئی ہے۔ٹیم انتظامیہ نے ونڈے سیریز بولاوایو سے ہرارے منتقل کرنے کی تجویز دی تھی لیکن زمبابوے کرکٹ نے یہ تجویز ماننے سے انکارکر دیا۔ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پانچ ونڈے میچوں کی سیریز سے قبل ایک نئے تنازعہ کی وجہ سے پاکستان کرکٹ ٹیم کی روانگی میں تاخیر ہوگئی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ ذرائع کے بموجب پاکستان ٹیم کی ممکنہ روانگی جمعرات کو ہوگی۔ جمعے کو پہلا ونڈے میچ کھیلا جائے گا۔ پاکستان ٹیم میں شمولیت اختیارکرنے کے لئے بابر اعظم ، امام الحق، یاسر شاہ اور جنید خان ہرارے پہنچ گئے ہیں۔جبکہ ٹی 20 سیریز کے بعد شاہین شاہ آفریدی، حسین طلعت، صاحبزادہ فرحان پاکستان واپس آگئے ہیں۔ زمبابوے کرکٹ کئی برسوں سے مالی بحران کا شکار ہے۔ ٹی 20 سیریز سے قبل بھی زمبابوے کے کھلاڑیوں نے سیریز نہ کھیلنے کی دھمکی دی تھی لیکن کرکٹرز کو معاوضوں میں ادائیگی کے بعد سیریز کھیلنے کے لئے رضامند کیا گیا۔ زمبابوے میں حالیہ ٹی 20 ٹورنمنٹ کے زیادہ تر اسپانسرز پاکستانی ہیںاور اس سیریز میں میزبان زمبابوے کے علاوہ پاکستان اور آسٹریلیا نے شرکت کی تھی۔