پاک۔انگلینڈ ونڈے سیریز کا آج آغاز، نوبال کا آزمائشی فیصلہ

لندن ۔ 23اگست (سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کل یہاں شروع ہونے والی ونڈے سیریز میں فرنٹ فٹ نوبال کی ذمہ داری آزمائشی طور پر ٹی وی امپائرکو دینے کا اعلان کیاہے۔آئی سی سی کے موجودہ قوانین کے مطابق فیلڈ امپائر بولر کی جانب سے ہونے والی فرنٹ فٹ نوبال کا فیصلہ دینے کا مجاز ہے جو بعض اوقات بیٹسمین کے آؤٹ ہونے پر بھی اثرانداز ہوجاتی ہے۔بیٹسمینوں کی جانب سے زوردار شاٹس مارنے کے باعث بولرز اور امپائر دونوں گیند لگنے کے خوف کا شکار رہتے ہیں جس کے باعث نوبال کا فیصلہ مزید پیچدہ ہوگیا ہے۔فیلڈ امپائر کی جانب سے فرنٹ فٹ نوبال کافیصلہ رواں سال فروری میں ایک مرتبہ اس وقت موضوع بحث بن گیا تھا جب آسٹریلیا کے ایڈم ووگس کو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹسٹ میچ میں انگلینڈ کے امپائر رچرڈ ایلنگ ورتھ نے نو بال پر غلطی سے ناٹ آؤٹ قرار دیا اس وقت ووگس 7 رنز پر کھیل رہے تھے تاہم اس فیصلے کے بعد انھوں نے 239 رنز کی فتح گر اننگز کھیلی تھی۔آئی سی سی نے کہا ہے کہ فیلڈ امپائر تھرڈ امپائر کے حکم کے بغیر فرنٹ فٹ نوبال نہیں دے گا تاہم اگر کیمرے دستیاب نہیں ہوں تو وہ فیصلہ کرسکے گا جبکہ اس کی آزمائش 24 اگست سے شروع ہونے والی پاک-انگلینڈ ون ڈے سیریز میں ہوگی۔ تھرڈ امپائرز بولر کی جانب سے گیند پھینکنے کے بعد چند سیکنڈز میں نوبال کا فیصلہ لیتے ہوئے میدان میں موجود امپائر سے رابطہ کرے گا اگر پیجر درست کام نہیں کررہاہو تو اس صورت میں نشریاتی ذرائع کے ذمہ دارے کے توسط سے مطلع کرے گا۔