پاک۔آسٹریلیا سیریز میں میدان ویران رہنے کا خدشہ

دبئی۔ 5اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام ) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنمنٹ میں دیگر ملکوں کے مقابلے میں پاکستانی تماشائیوں نے زیادہ دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ایسا لگ رہا ہے کہ ٹسٹ میچوں میں میدان خالی رہیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور آسٹریلیا کی سیریز کو اس قدر غیر اہم بنادیا کہ ٹورنمنٹ کا شیڈول بناتے وقت متحدہ عرب امارات میں ہفتہ وار تعطیل جمعہ اورہفتہ کو اہمیت نہیں دی۔ امارات میں جمعہ اور ہفتہ کو ہفت وار چھٹی ہوتی ہے۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹسٹ اتوار کو دبئی میں شروع ہوگا۔ اگر پانچ د ن میچ چلا تو ٹسٹ جمعرات کو ختم ہوجائے گا جبکہ شیخ زائد اسٹیڈیم ابوظہبی میں دوسرا ٹسٹ منگل16 اکتوبر کو شروع ہوگا عام طور ٹسٹ میچ چار دن میں ختم ہوجاتے ہیں اس لئے امکان ہے کہ دوسرا ٹسٹ ممکنہ طور پر جمعہ کو ختم ہوجائے گا۔دنیا بھر میں ٹسٹ میچ ہفتہ کے آخری ایام میں شروع ہوتے ہیں لیکن پی سی بی کی سابق انتظامیہ نے سیریز کا شیڈول بناتے وقت ہفتہ کے آخری دنوں کو اہمیت نہیں دی۔علاوہ ازیں پہلا ٹی ٹوئنٹی چہارشنبہ،دوسرا جمعہ اور تیسرا اتوار کو ہوگا۔