پاکستان:15 ویں پارلیمان کے نو منتخب ارکان کی حلف برداری

اسلام آباد ۔ 13 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے ایوان زیریں کی پارلیمانی تاریخ کی 15 ویں منتخب اسمبلی کے ارکان نے اسپیکر سردار ایاز صادق سے اپنا حلف لے لیا ہے۔حلف برداری کی تقریب کا آغاز قومی ترانے سے کیا گیا جس کے بعد تلاوت کلام پاک اور نعت شریف بھی پڑھی گئی۔ حلف اٹھانے والوں میں عمران خان، شہباز شریف، بلاول بھٹو، آصف زرداری، راجہ پرویز اشرف، خواجہ آصف، احسن اقبال اور دیگر شامل ہیں۔حلف برداری کے بعد حروف تہجی کے اعتبار سے ارکان نے رول آف رجسٹر پر دستخط کئے۔ سابق صدر آصف علی زرداری پہلے رکن اسمبلی تھے جنہوں نے رول آف رجسٹر پر دستخط کئے۔ایوان کے اندر بلاول بھٹو زرداری سے عمران خان نے مصافحہ بھی کیا۔اس موقع پر سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی، گوہر ایوب، بختاور، آصفہ بھٹو زرداری، مخدوم سید احمد محمود، زاہد حامد اور دیگر رہنماؤں نے تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔