ابوظہبی۔2جنوری(سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان کے بعد 186رنز اسکور کرلئے ہیں ‘ اس طرح اسے یہاں پاکستان کے خلاف کھیلے جارہے پہلے ٹسٹ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر 7رنز کی معمولی سبقت حاصل ہوئی ہے۔ دن کے اختتام پر چنڈیمل 36گیندوںمیں چارچوکوں کی مدد سے 24رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہے ‘ کیونکہ جس وقت مہیلا جئے وردھنے کو بلاول بھٹّی نے پہلی ہی گیند پر پویلین کی راہ دکھائی ‘ اس کے بعد اوپنر سلوا بھی فاسٹ بولرکا ہی شکار بنے ۔ سری لنکا کیلئے اوپنر کرونا رتنے نے 56گیندوں میں 3چوکوں کی مدد سے 24رنز اسکور کئے ۔ 47کے مجموعی اسکور پر پہلی وکٹ کے نقصان کے بعد کمارا سنگا کارا اور سلوا نے انفرادی نصف سنچریاں اسکورک رنے کے علاوہ دوسری وکٹ کیلئے 99رنز کی پارٹنرشپ نبھائی ۔
اس موقع پر کمارا سنگا کارا 99گیندوں میں 6چوکوں کی مدد سے 55رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ سلوا نے 177گیندوںمیں 11چوکوں کی مدد سے 81رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ پاکستان کیلئے جنید خان نے 46رنز اور بھٹی نے 65رنز کے عوض فی کس دو وکٹیں حاصل کی ۔ قبل ازیں پاکستان نے اپنے کل کے اسکور 327/4 سے آگے کھیلنا شروع کیا ۔ تاہم اس کی مابقی 6وکٹیں جلد ہی پویلین لوٹ گئی لیکن اس کے باوجود پاکستانی ٹیم کو پہلی اننگز میں 179رنز کی اہم سبقت حاصل ہوئی ۔ کل کے ناٹ آؤٹ بیٹسمین مصباح الحق نے آج 105رنز سے آگے کھیلتے ہوئے 306گیندوں میں 16چوکوں اور ایک چھکے کے ہمراہ 135رنز اسکور کئے ۔ سری لنکا کیلئے ایرنگا‘ ہیرتھ نے فی کس تین کھلاڑیوں آوٹ کیا ۔