پاکستان 227 رنز پرآل آوٹ

ابوظہبی۔17 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم کوصرف 153 رنز پر ڈھیر کرنے کے باوجود پاکستانی ٹیم اس کا بھرپور فائدہ نہیں اٹھاسکی اور اپنی پہلی اننگز میں 227 رنز پر پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو27 کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز امام الحق اور محمد حفیظ پویلین لوٹ گئے، حفیظ 20 اور امام الحق 6 رنز ہی بناسکے جب کہ کھیل کے دوسرے دن حارث سہیل اور اظہر علی بھی پہلے سیشن میں ہی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، حارث 38 اور اظہر علی 22 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔بابراعظم اور اسدشفیق نے ملکر 83 رنز کی شراکت قائم کی تاہم اسد شفیق کی 43 رنز ہی بناسکے جس کے بعد کپتان سرفرازاحمد بیٹنگ کے لیے لیکن وہ صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، بلال آصف کی اننگز بھی 11 رنز تک محدود رہی اور یاسر شاہ 2 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ بابراعظم 62 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے۔بابر نے ہی تنہا بہتر مظاہرہ کیا اور اپنی نصف سنچری اننگز کے دوران انہوں نے 109 گیندوں کا سامنا کیا اور 5 چوکے لگائے۔پاکستان کو پہلی اننگز میں صرف74 رنز کی سبقت ملی ۔نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 56 رنز اسکور کرلئے ہیں اور وہ پاکستان سے ہنوز 18 رنز پیچھے ہے۔