پاکستان 165 رنز پر ڈھیر‘ سری لنکا 57/1

دبئی۔ 8؍جنوری (سیاست ڈاٹ کام)۔ اوپنر خرم منظور کی شاندار نصف سنچری کے باوجود پاکستانی ٹیم یہاں سری لنکا کے خلاف شروع ہوئے دوسرے ٹسٹ کے پہلے ہی دن صرف 64 اوورس میں 165 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی ہے۔ سری لنکا نے اپنی اننگز کا محتاط آغاز کرتے ہوئے 16 اوورس کے بعد ایک وکٹ کے نقصان پر 57 رنز اسکور لئے ہیں۔ پہلے دن کے اختتام پر سری لنکائی اوپنر سلوا 34 گیندوں میں ایک چوکہ کی مدد سے 12 اور کمارا سنگاکارا 20 گیندوں میں ایک چوکہ کی مدد سے 12 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ سری لنکا کے لئے آؤٹ ہونے والے اوپنر کرونارتنے رہے جنھوں نے 43 گیندوں میں 7 چوکوں کی مدد سے 32 رنز بنانے کے بعد جنید خان کی بیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ قبل ازیں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کے لئے مدعو کیا۔ خرم منظور نے 7 چوکوں اور ایک چھکہ کی مدد سے 73 رنز بنائے۔

دیگر بیٹسمینوں میں محمد حفیظ نے 4 چوکوں کی مدد سے 21، یونس خان 29 گیندوں میں ایک چوکہ کی مدد سے 13 رنز اور فاسٹ بولر بلاول بھٹی نے 3 چوکوں اور ایک چھکہ کے ہمراہ ناقابل شکست 24 رنز بنائے۔ مذکورہ کھلاڑیوں کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین دوہرے ہندسے کو عبور نہ کرسکا۔ سری لنکا کے لئے نوان پردیپ اور رنگنا ہیراتھ نے فی کس 3 اور لاکمل و اِرنگا نے فی کس 2 وکٹیں حاصل کیں۔