پاکستان ۔ نیوزی لینڈ دوسرا ونڈے آج بارش سے متاثر ہونیکا اندیشہ

نیپئر ، 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان اور نیوزی لینڈ دوسرے ونڈے کیلئے کل نیپئر میں مدمقابل ہوں گے جبکہ سیریز کا یہ اہم میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ پہلے ونڈے میں جیت پر میزبانوں کو سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل ہوئی۔ پاکستانی کیمپ سے خبر یہ ہے کہ فاسٹ بولر محمد عامر فٹ ہو گئے ہیں جبکہ شعیب ملک کی دوسرے میچ میں بھی شرکت مشکوک ہے۔ کیویز اور مہمانوں کے اس میچ میں بارش رنگ میں بھنگ ڈال سکتی ہے۔ آج مکلین پارک میں اظہر علی زیرقیادت ٹیم کا آؤٹ ڈور پریکٹس سیشن خراب موسم کی وجہ سے متاثر ہوا۔ محکمہ موسمیات نے کل بھی نیپئر میں بارش کی پیش قیاسی کی۔ وکٹ کیپر بیٹسمن محمد رضوان کو سیریز میں پہلی مرتبہ صلاحیتوں کے اظہار کا موقع مل سکتا ہے ، اس صورت میں آؤٹ آف فام بلے باز صہیب مقصود کو میدان سے باہربیٹھنا ہو گا۔ میچ صبح 6:30 بجے (ہندوستانی وقت) سے مقرر ہے۔