پاکستان ۔ سری لنکا آج پہلے ٹسٹ کا آغاز

کولمبو۔16 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا اور پاکستان کے درمیان تین ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کا پہلا میچ کل کھیلا جائے گا۔ریکارڈس کے اعتبار سے پاکستان کا پلڑہ بھاری نظر آتا ہے جیسا کہ مہمان ٹیم نے19 ٹسٹ میچوں کی سیریز میں سے 8 میں کامیابی حاصل کی جبکہ سری لنکا نے صرف 6 ٹسٹ سیریز ہی اپنے نام کئے ہیں اور 5 سیریز ڈرا ثابت ہوئیں۔ بیٹنگ ریکارڈ کی بات کی جائے تو سری لنکا کے کمار سنگا کارا پاکستان کیخلاف 21 میچوں میں سب سے زیادہ 2809 رنز بنا کر نمایاں ہیں جبکہ پاکستان کے تجربہ کار بیٹسمین یونس خان ، سری لنکا کیخلاف 2009 ء کے ٹسٹ میچ کی ایک اننگز میں 313 رنز جوڑ کر سرفہرست ہیں۔ بولنگ کے شعبے میں میزبان ٹیم کی جانب سے اسپنر ہیراتھ 88 وکٹیں لے کر نمبر ون ہیں ۔ریکارڈ بہتر ہونے کے باوجود سری لنکا نے پاکستان کو 2006 سے کسی سیریز میں کامیابی کا موقع نہیں دیاہے۔سری لنکائی ٹیم اس سریز کو اپنے سابق کپتان کمارسنگا کارا کے لئے جیتنے کی خواہاں ہے کیونکہ پاکستان کے خلاف یہ انکی آخری سیریز ہے جیسا کہ سنگاکارا نے ٹسٹ کرکٹ سے بھی سبکدوشی کا اشارہ دے دیاہے۔