O مصباح کی ٹیم دو مرتبہ یہاں 99رنز پر ڈھیر ہوئی
O وکٹ کی مناسبت پر عبدالرحمن کی شمولیت کا انحصار
O جے وردھنے کا ناقص فام سری لنکا کیلئے تشویش کا باعث
دبئی ۔ 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹسٹ کا کل یہاں آغاز ہورہا ہے لیکن اس دوسرے مقابلہ سے قبل سری لنکا کو کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کے مسائل درپیش ہیں۔ کلاسکیرا کے بعد تھریمانے بھی سیریز سے باہر ہوگئے۔ دوسری جانب پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہیکہ دبئی کی وکٹ پر اسپنرس کا کرداراہم ہوگا۔ تاہم وکٹ دیکھ کر فیصلہ کریں گے کہ بائیں ہاتھ کے اسپنر عبدالرحمن کو کھلایا جاتا ہے یا نہیں۔ وکٹ پر گھاس موجود رہی تو پاکستان تین فاسٹ بولروں کے ساتھ میدان میں اترے گا۔ ڈھائی ماہ قبل اسی میدان پر جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں مایوس کن انداز میں صرف99 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی اور اس مقابلہ میں اننگز اور 92 رنز سے شکست ہوئی تھی۔ لیگ اسپنر عمران طاہر نے میچ میں 8 وکٹ حاصل کئے تھے۔ فروری 2012ء میں بھی پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف یہاں 99رنز پر آوٹ ہوئی تھی لیکن پاکستان نے اسپنرس کی کارکردگی کے باعث ٹسٹ 71 رنز سے جیت لیا تھا۔
دبئی اسٹیڈیم میں پاکستانی نے پانچ ٹسٹ کھیلے ہیں جہاں اسے تین مقابلوں میں کامیابی حاصل ہوئی ہے جبکہ ایک مقابلہ میں شکست اور ایک مقابلہ بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہوا۔ سری لنکا نے اس میدان میں پاکستان کے خلاف ایک ٹسٹ کھیلا تھا جس میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی تھی۔ ابوظہبی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹسٹ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا۔ دبئی میں پریکٹس سیشن میں پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے فاسٹ بولروں راحت علی، جنید خان، بلاول بھٹی اور آف اسپنر سعید اجمل کو مکمل آرام دیا۔ چاروں نے بولنگ نہیں کی کیوں کہ وہ پہلے ٹسٹ میں طویل بولنگ کرچکے تھے۔ دوسرے ٹسٹ کیلئے کھلاڑی خوب نیٹ پریکٹس میں مصروف ہیں۔ کپتان مصباح الحق نے کہا کہ سیریز میں برتری کیلئے کھلاڑیوں کو ابتداء سے ہی حریف ٹیم پر دباؤ بڑھانا ہوگا۔ وکٹ کیپر بیٹسمین عدنان اکمل زخمی ہونے کے باعث ٹسٹ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ ان کی جگہ سرفراز احمد کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔ سرفراز نے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ دوسری جانب سری لنکائی ٹیم کو زخمی کھلاڑی کے مسائل کا سامنا ہے۔
فاسٹ بولر نون کلاسیکرا کے بعد لہیرو تھریمانے بھی زخمی ہونے کے سبب ٹسٹ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ ان کی جگہ کوشل پریرا کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ پریرا 19 ونڈے کھیل چکے ہیں لیکن انہوں نے ابھی کوئی ٹسٹ میچ نہیں کھیلا ہے۔ سری لنکائی کپتان اینجلو میتھیوز نے سیریز میں برتری حاصل کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ سری لنکا کے تجربہ کار بیٹسمین مہیلا جے وردھنے اپنی ٹیم کیلئے دس ہزار سے زائد رنز اور 30 ٹسٹ سنچریاں بنا چکے ہیں لیکن ان کی پاکستان کے خلاف کارکردگی پر ٹیم انتظامیہ کو تشویش لاحق ہے۔ گزشتہ9ٹسٹ اننگز میں ان کا بیٹنگ اوسط22.27 ہے۔ ایشیا سے باہر ان کی کارکردگی زیادہ بہتر نہیں رہی ہے تاہم سری لنکا نے 66 ٹسٹ میچوں میں فتح حاصل کی ہے جس میں 53 میں جے وردھنے نے حصہ لیا ہے۔ سری لنکا کے میدانوں میں ان کی کارکردگی کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ انہوں نے سنہالیز اسپورٹس کلب میں2698 رنز بنائے ہیں۔ جہاں سری لنکا کی شکست کا تناسب صرف 8 فیصد ہے۔