پاکستان ۔ بنگلہ دیش پہلا ٹسٹ ڈرا

ابوظہبی 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان منعقدہ پہلا ٹسٹ بغیر نتیجہ کے ختم ہوگیا جیسا کہ پاکستان کامیابی کے لئے مطلوبہ نشانہ 302 رنز کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان کے بعد 158 رنز اسکور کرلئے تھے لیکن نتیجہ حاصل نہ ہونے کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے مقابلہ 15 اوورس قبل ہی ختم کردیا گیا۔ پاکستانی ٹیم کی دوسری اننگز کا آغاز بھی بہتر نہ ہوسکا جیسا کہ خرم منظور 26 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 8 رنز بناکر جس وقت آؤٹ ہوئے اُس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 24 رنز تھا۔ دوسری اننگز میں احمد شہزاد نے 7 چوکوں کی مدد سے 55 رنز اور محمد حفیظ نے 11 چوکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 80 رنز بنانے کے علاوہ دوسری وکٹ کے لئے 101 رنز کی پارٹنرشپ نبھاتے ہوئے مقابلہ کو ڈرا کرنے میں اہم رول ادا کیا۔ آؤٹ ہونے والے دوسرے بیٹسمین احمد شہزاد رہے جن کے بعد یونس خان نے 42 گیندوں میں 13 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو مزید کسی نقصان سے محفوظ رکھا۔ سری لنکا کے لئے لکمل 43 رنز اور ہیرات نے 37 رنز کے عوض فی کس ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ قبل ازیں سری لنکا نے اپنے کل کے اسکور 420/5 سے آگے کھیلتے ہوئے پہلی اننگز 480/5 پر ختم کردی۔ میتھیوز نے 16 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے شاندار 157 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔

پاکستان کے نئے کوچ پر ہنوزکوئی فیصلہ نہیں ہوا : پی سی بی
کراچی 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پی سی بی کے کارگذار چیرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی تحدیدات کی وجہ سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ کے متعلق ہنوز کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ میڈیا نمائندوں کو مطلع کرتے ہوئے سیٹھی نے کہاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی ڈیویژنل بنچ سے قطعی فیصلہ کا انتظار کیا جارہا ہے لہذا نئے کوچ کا انتخاب عمل میں نہیں لایا جاسکتا۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ ہم نے ابھی نئے کوچ کے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا کیونکہ فی الحال ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں۔ ٹیم کے موجودہ آسٹریلیائی کوچ ڈیو واٹمور کے جانشین کے ضمن میں کئی ناموں کے متعلق پیش قیاسیاں کی جارہی ہیں لیکن سیٹھی نے کہاکہ نئے کوچ کے انتخاب کے مطابق کوئی فیصلہ نہیںکیا گیا ہے۔ سیٹھی کے بموجب ایشیاء کپ اور ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ آئندہ ماہ منعقد شدنی ہے لہذا ہم جلد از جلد انتخاب کے خواہاں ہیں۔