کراچی 8 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ جو اپنے مالی حالات کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہے، اِس نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ برس وہ متحدہ عرب امارات میں انگلینڈ اور پھر ہندوستان کے خلاف یکے بعد دیگرے دو گھریلو سیریزوں کی میزبانی کرے گا۔ پی سی بی کے ذرائع نے خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان آئندہ برس اکٹوبر اور نومبر میں متحدہ عرب امارات میں انگلینڈ کی میزبانی کرے گا اور دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹسٹ پانچ ونڈے اور ایک ٹوئنٹی 20 مقابلہ کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ کی سیریز کے اختتام کے بعد انہی میدانوں پر پاکستانی ٹیم کٹر حریف ہندوستان کی گھریلو سیریز کی میزبانی بھی کرے گا۔ ہندوستان کے خلاف کھیلی جانے والی سیریز میں دونوں ٹیمیں دو ٹسٹ، پانچ ونڈے اور دو ٹوئنٹی 20 مقابلوں کے دوران ایکشن میں نظر آئیں گی۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کا انعقاد صد فیصد یقینی ہے جبکہ ہندوستان کے خلاف سیریز کے انعقاد کا انحصار حکومت کی جانب سے دی جانے والی اجازت پر منحصر ہے۔
پی سی بی کے عہدیدار نے تاہم یہ اُمید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کی کرکٹ بورڈس کے درمیان حالات بہتر ہیں اور اُمید ہے کہ یہ سیریز مجوزہ پروگرام کے تحت کھیلی جائے گی اور یہ بھی اُمید کی جاسکتی ہے کہ حکومت دونوں ممالک کے درمیان کھیلی جانے والی باہمی سیریز کے لئے اجازت دے گی۔ پاکستان اور ہندوستان نے آخری مرتبہ 2007 ء میں باہمی سیریز کھیلی تھی جس کے بعد 2008 ء میں ممبئی دہشت گرد حملوں کی وجہ سے دونوں ممالک کے تعلقات میں کشیدگی آئی ہے اور اِس کا اثر کرکٹ پر بھی موجود ہے۔
لیکن حالیہ دنوں میں دونوں ممالک کے کرکٹ روابط بحال ہوتے دکھائی دے رہے ہیں جیسا کہ حالیہ منعقدہ چمپئنس لیگ ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ میں پاکستان سے تعلق رکھنے والی ٹیم لاہور لائنس نے ہندوستان کا کامیاب دورہ کرتے ہوئے یہاں کرکٹ کھیلی ہے۔ علاوہ ازیں دونوں ٹیموں کے درمیان 2012 ء میں ایک مختصر سیریز ہندوستان میں کھیلی گئی تھی اور اِس مختصر ونڈے سیریز میں پاکستان نے بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو شکست دی تھی۔ پی سی بی کے عہدیدار نے مزید کہاکہ انگلینڈ اور ہندوستان کے خلاف کھیلی جانے والی دونوں ہی سیریزیں ہمارے لئے اہمیت کی حامل ہیں
کیونکہ ہم اِن سیریزوں کے ذریعہ ٹیلی ویژن حقوق اور اسپانسرشپ کے ذریعہ ہمارے مالیاتی موقف کو مستحکم کرسکتے ہیں۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ انگلینڈ متحدہ عرب امارات میں سیریز کھیلے گا جو دراصل پی سی بی اور ای سی بی کے درمیان طے شدہ معاہدہ کا نتیجہ ہوگا۔ جس میںپاکستان نے یکے بعد دیگرے دو سیریزوں میں انگلینڈ کی میزبانی کے حقوق حاصل کئے ہیں جبکہ 2016 ء اور اُس کے بعد ای سی بی پاکستان کی یکے بعد دیگرے دو سیریزوں میں میزبانی کرے گا۔ یہاں اِس بات کا تذکرہ بھی اہم ہے کہ مارچ 2009 ء میں لاہور میں سری لنکائی ٹیم پر ہوئے دہشت گرد حملہ کے بعد ٹسٹ کھیلنے والی کسی بھی ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا ہے اور یہاں بین الاقوامی کرکٹ کا انعقاد بھی نہیں ہوپایا ہے۔