پاکستان یونس اور اجمل کے بغیر بھی کمزور نہیں:آسٹریلیائی کوچ

کراچی ۔ 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے بعد میزبان پاکستانی کرکٹ ٹیم بھی سیریز میں شرکت کے لئے دبئی پہنچ گئی ۔ آسٹریلیائی ٹیم نے سیریز کے لئے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔پریکٹس سیشن کے بعد مہمان ٹیم کے کوچ ڈیرن لیہمین نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم ونڈے سیریز میں یونس خان اور سعید اجمل جیسے کھلاڑیوں کی خدمات سے محروم ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان ٹیم بہتر اور متوازن ہے۔اس ٹیم کو کمزور کہنا غلط ہے۔پاکستانی ٹیم میں ہر مرتبہ ایک نوجوان کھلاڑی غیر متوقع نتیجہ کے طور پر سامنے آتا ہے۔ دبئی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کے مقامات یہاں کے میدانوں سے مختلف ہیں۔ہمیں مختلف حالات میں پاکستان کے خلاف جیتنا ہوگا۔ہمارے کھلاڑی تینوں فارمیٹس میں کھیل سکتے ہیں۔مائیکل کلارک اگر مکمل فٹ ہوگئے تو سیریز میں ایکشن میں ہوںگے۔انہوں نے کہا کہ آل راونڈرز سیریز میں اہم کردار ادا کریں گے۔شین واٹسن کے ان فٹ ہونے کے بعد مچل مارش اور گلین میکس ویل کی کارکردگی اہم ہوگی۔ فاسٹ بولر مچل جانسن کی فٹنس پر کوئی شک نہیں ہے۔وہ ٹسٹ سیریز کے لئے دستیاب ہیں اور ممکنہ طور پر ونڈے سیریز میں بھی حصہ لیں گے۔کوچ نے کہا کہ پاکستان اے کے خلاف وارم میچ میں مائیکل کلارک کی شرکت کا امکان ہے اگر وہ فٹ نہ ہوسکے تو براڈ ہیڈن آسٹریلیا کے45 ویں ٹسٹ کپتان ہوں گے۔وارم میچ کلارک کی فٹنس کا فیصلہ کرے گا۔ پاکستان کی ٹوئنٹی20 اور ونڈے کرکٹ ٹیمیں آسٹریلیا کے خلاف سیریز کھیلنے دبئی پہنچ گئیں۔ ونڈے کرکٹ ٹیم کی قیادت مصبا ح الحق اور ٹوئنٹی20 ٹیم کی قیادت شاہد آفریدی کریں گے۔ محمد حفیظ، عمر اکمل، احمد شہزاد، وہاب ریاض اور سعد نسیم چیمپئنز لیگ کھیلنے کی وجہ سے ٹیم کے ہمراہ نہیں گئے بلکہ وہ تاخیر سے ٹیم میں شامل ہوںگے۔