پاکستان ہاکی : اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ میں جیت پر نظر

لاہور، 15 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے ہاکی کپتان محمد عمران نے کہا ہے کہ واجبات کے بجائے کھلاڑیوں کا نشانہ اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ میں فتح حاصل کرنا ہے۔ اولمپک کوالیفائنگ راونڈ میں حصہ لینے کیلئے پاکستانی ٹیم آج صبح بلجیم کیلئے روانہ ہوئی۔ میڈیا کے مطابق نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کپتان عمران نے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ کھلاڑی بلند حوصلہ ہونے کے ساتھ ساتھ کچھ کر دکھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سکریٹری رانا مجاہد نے کہا کہ زیادہ فنڈز کا مطالبہ کرنا ’قومی کھیل‘ کا حق ہے، تنقید کرنے والے شاید ہاکی ٹیم کی کامیابیوں سے بے خبر ہیں۔ رانا مجاہد نے اعلان کیا کہ جلد ہی ان چہروں کو بے نقاب کیا جائے گا جو پی ایچ ایف کو مشکلات سے دوچار کرنے میں سرگرداں ہیں۔