لندن ۔26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے اولڈ ٹریفورڈ میں شکست کے بعد اپنی ٹیم کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پاکستان کے بہترین دستیاب کھلاڑی ہیں اور ان پر تنقید کرنے کی بجائے اگلے میچ میں بہترین طریقے سے واپسی کرنے پر توجہ دینی چاہئے۔ اکرم نے کہا کہ اولڈ ٹریفورڈ میں ٹاس ہارنے کا نفسیاتی طور پر بہت اثر پڑا پھر انگلش بیٹسمینوں نے جس طرح بیٹنگ کی، اس سے ہمارے تینوں بولرس مردہ وکٹ پر ناکام نظر آئے۔ انہوں نے پاکستانی بولروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تمام بولروں نے ایک جیسی گیندیں کیں۔ تاہم انہوں نے کھلاڑیوں کی حمایت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے بہترین دستیاب کھلاڑی ہیںکیونکہ ہمارے پاس کوئی ڈان بریڈ مین، ڈینس للی یا عمران خان پیچھے نہیں بیٹھے ہیں کہ جنہیں ہم ٹیم میں لا کر کھلا دیں۔