پاکستان کے مقابل ہندوستان کے مسلمان سب سے زیادہ خوشحال: بی جے پی

پونچھ ۔ /23 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی نے مسلمانوں کو خوش کرنے کیلئے کہا کہ ہندوستان کے مسلمان پاکستانی مسلمانوں کے مقابل بہت زیادہ خوشحال ہیں ۔ بی جے پی قومی ترجمان شاہ نواز حسین نے کہا کہ ہندوستان میں رہنے والے مسلمانوں کی ترقی اور خوشحالی کا مقابلہ اگر پاکستان کے مسلمانوں سے کیا جائے تو اس میں ہندوستان کے مسلمان ہی سب سے زیادہ خوشحال دکھائی دیں گے ۔ دستور میں انہیں یکساں حقوق دیئے گئے ہیں ۔ شاہ نواز نے کہا کہ صرف بی جے پی ہی مسلمانوں کے مسائل حل کرسکتی ہے ۔جموں و کشمیر کے عوام کو درپیش مشکلات صرف بی جے پی ہی دور کرے گی ۔ریاست کی ترقی بی جے پی کی اولین ترجیح ہے ۔ اقتدار پر آنے کے بعد تعلیم ، سکیورٹی ، روزگار اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔