پاکستان کے خلاف ہندوستان کی ریکارڈ کامیابی

دبئی ۔20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ایشیا کپ میں ہندوستان نے پاکستان کے خلاف اپنی سب سے بڑی کامیابی حاصل کی ہے جبکہ پاکستان کو 8 وکٹ سے شکست کے ساتھ ہی اس کی یہ بدترین شکست کا نیا ریکارڈ بن گیا۔دبئی میں کھیلے گئے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے پاکستانی بیٹنگ بدترین ناکامی سے دوچار ہوئی اور پوری ٹیم 162 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔جواب میں پاکستانی بولنگ بھی ہندوستانی بیٹمسینوں کو قابو کرنے میں ناکام رہی اور اس نے 21 اوورز قبل ہی محض دو وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔ہندوستان نے میچ میں 126 گیندوں قبل ہی ہدف حاصل کیا اور اس کے ساتھ ہی یہ پاکستان کی اس لحاظ سے بدترین شکست بن گئی۔اس سے قبل ہندوستان نے باقی گیندوں کے اعتبار سے سب سے بڑی فتح 2006 میں ملتان میں کھیلے گئے ونڈے میچ میں حاصل کی تھی جب اس نے 105 گیندوں قبل ہی ہدف حاصل کر لیا تھا۔ ایشیا کپ کے اہم میچ میں دفاعی چیمپیئن ہندوستان نے روایتی حریف پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو یہ فیصلہ ابتدائی میں ہی اس وقت غلط ثابت ہو گیا جب بھونیشور کمار نے 3 کے مجموعی اسکور پر دونوں پاکستانی اوپنرزکو پویلین رخصت کردیا۔امام الحق نے 2 رنز بنائے جبکہ فخر زمان کھاتا بھی نہ کھول سکے۔اس کے بعد بابر اعظم اور شعیب ملک وکٹ پر یکجا ہوئے اور تیسری وکٹ کے لیے 82 رنز کی شراکت قائم کر کے ابتدائی نقصان کا ازالہ کرنے کی کوشش کی لیکن اسپنرز نے اس کاوش کو ناکام بنا دیا۔ٹیم کی مشکلات میں اس وقت مزید اضافہ ہو گیا جب پارٹ ٹائم باؤلر کیدار جادھو کی گیند پر چھکا مارنے کی کوشش میں کپتان سرفراز احمد کی اننگز اختتام پذیر ہوئی جن کا متبادل کھلاڑی منیش پانڈے نے خوبصورت کیچ لیا۔ابھی ٹیم کی سنچری مکمل ہی ہوئی تھی کہ وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں شعیب ملک کی اننگز بھی تمام ہوئی جنہوں نے 43 رنز بنائے تھے۔آصف علی نے چھکا مار کر خطرناک عزائم ظاہر کرنے کی کوشش کی لیکن اگلے اوور کی پہلی ہی گیند پر کیدار جادھو کی گیند پر وکٹ کے پیچھے موجود مہندرا سنگھ دھونی کو کیچ دے بیٹھے۔نوجوان کھلاڑی شاداب خان آؤٹ ہونے والے ساتویں بیٹسمین تھے جنہوں نے 8 رنز بنائے، ان کی وکٹ بھی جادھو کے حصے میں آئی۔فہیم اشرف نے محمد عامر کے ساتھ مل کر اسکور 158تک پہنچایا ۔فہیم کے آؤٹ ہونے کے بعد ہندوستان کو حریف ٹیم کی بساط لپیٹنے میں زیادہ دیر نہ لگی اور پوری پاکستانی ٹیم 162رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ اوپنرز روہت شرما اور شکھر دھون نے ابتدائی چند اوورز میں محتاط انداز اپنایا لیکن وکٹ پر جمنے ہونے کے بعد روہت شرما نے روایتی انداز میں پاکستانی بولروں کو آڑے ہاتھوں لیا۔دونوں نے پہلی وکٹ کے لیے 86رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کی میچ میں واپسی کی رہی سہی امیدیں بھی ختم کردیں۔اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب شاداب خان نے میچ میں اپنی پہلی ہی گیند پر کپتان کی وکٹیں بکھیر دیں تاہم وہ آؤٹ ہونے سے قبل تین چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 52رنز بنا چکے تھے۔کمار کو مین آف دی میچ قراردیا گیا۔