بینکاک ۔29 نومبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) کپتان ہرمین پریت کور نے کپتانی مظاہرہ کرتے ہوئے کٹر حریف پاکستان کے خلاف یہاں کھیلے گئے ویمنس ایشیاء کپ ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ میں اپنی ٹیم کی پانچ وکٹوں کی کامیابی میں آل راؤنڈ مظاہرہ کیا ہے۔ کور نے اہم دو وکٹیں حاصل کرتے ہوئے پاکستان کو مقررہ 20 اوورس میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 97 رنز تک محدود رکھنے میں کلیدی رول ادا کیا ، جس کے بعد بیٹنگ میں بھی انھوں نے 22گیندوں میں ناقابل تسخیر 26 رنز کی اننگز کھیلی ۔ انھوں نے انجو پاٹل کے ہمراہ چار گیندیں قبل ہی مطلوبہ نشانہ حاصل کرتے ہوئے ٹیم کو ٹورنمنٹ میں ناقابل تسخیر موقف دلوایا جبکہ انجو نے دو رنز بنائے ۔ علاوہ ازیں متھالی راج نے ٹاپ آرڈر میں57 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے اہم 36 رنز اسکور کئے ۔ ہندوستان کے لئے اسپنر ایکتا بشت نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ پاکستان کے لئے ایرم جاوید نے ناقابل تسخیر 37 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ بولنگ میں ڈار نے 11رنز دیکر دو وکٹیں حاصل کی ۔ پاکستان کیلئے اوپنر عائشہ ظفر نے ایرم کے ساتھ ایک بہتر شروعات فراہم کی تھی ۔