پلے کیلے۔4جولائی(سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا نے یہاں جاری تیسرے اور فائنل ٹسٹ کرکٹ میچ کے دوسرے دن 278رن پر آؤٹ ہوجانے کے بعد حریف پاکستانی ٹیم کو بری طرح دہلا دیا ۔ پاکستانی ٹیم کے چار اہم کھلاڑی انتہائی معمولی اسکور پر بڑی آسانی کے ساتھ آؤٹ ہوگئے ۔ پاکستانی ٹیم آج لنچ کے بعد اپنا کھیل جاری رکھتے ہوئے چار وکٹ کے نقصان سے 117 رن بناسکی تھی کہ موسلادھار بارش کے سبب تمام کھلاڑی میدان چھوڑ کر پویلین لوٹنے پر مجبور ہوگئے ۔ چائے کے وقفہ کے وقت اظہر علی 47رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔ سرفراز احمد 14رن پر کھیل رہے تھے ۔ پاکستانی کپتان جنہوں نے پانچویں بیٹسمین کے طور پر میدان میں آنے کا فیصلہ کیا تھا ‘ فیلڈنگ کے دوران معمولی چوٹ لگنے کے سبب پانچویں بیٹسمین کی حیثیت سے میدان میں نہ آسکے ۔پاکستان کے دو اوپنرس 40 رن کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے اور اسٹار بیٹسمین یونس خان بھی آج صبح کے کھیل کے آخری گیند پر آؤٹ ہوگئے تھے ۔ اس وقت ان کا اسکور صرف تین رن تھا ۔ اس طرح لنچ کیلئے کھیل کے اختتام کے وقت پاکستان کا مجموعی اسکور تین وکٹس کے نقصان کے ساتھ 45رن تھا ۔
بائیں ہاتھ کے بیٹسمین شان مسعود جو اس سیریز می ںپہلی مرتبہ کھیل رہے تھے دھمیکا پرساد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ۔ احمد شہزاد 21رن بنائے ہی تھے کہ سری لنکا کے سرنگا لکمل کے بجائے ٹیم میں شامل کئے جانے والے نوان پردیپ نے دنیش چندیمل کی تیسری گیند پر انہیں کیچ آؤٹ کردیا ۔ یونس خان ( تین رن ) نے انجیلو میتھوز کی گیند پر ایک تیز رفتار سنگل رن بنانے کی کوشش کی لیکن وکٹ کی دوسری جانب پہنچنے سے پہلے ہی کوشل سلوا نے انہیں اسٹمپ کردیا ۔ لنچن کے وقفہ پر اظہر علی چھ رن کے اسکور پر کھیل رہے تھے ۔ قبل ازیں لگ اسپنر یاسر شاہ نے سری لنکا کے پانچ قیمتی وکٹس لئے اور میزبان ٹیم کل شام کھیل کے اختتام تک آٹھ وکٹ کے نقصان سے بنائے گئے اسکور 272 میں صبح صرف چھ رن کا اضافہ کرسکی اور کھیل کے آغآز کے 20منٹ بعد ہی سری لنکا کی اننگز ختم ہوگئی ۔ بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے راحت علی کی گیند پر تھرندوکوشل 18رن کے اسکور پرایل بی ڈبلیو ہوگئے ۔
پردیپ بھی کوئی رن بنائے بغیر یاسر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے ۔ 78رن دے کر پانچ وکٹ حاصل کرنے والے یاسر بھی اب سری لنکا میں کھیلی گرئی کسی ٹسٹ سیریز کے دوران لگاتار تین مرتبہ پانچ وکٹس لینے والے سمندر پار کے بولرس میں شین واٹسن کے برابر ہوگئے ہیں ۔ سری لنکا کے خلاف گلے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ میچ میں یاسر نے 76رن دے کر سات وکٹس حاصل کئے تھے جس کے نتیجہ میں پاکستان کو 10وکٹ سے کامیابی حاصل ہوئی تھی ۔ کولمبو میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں یاسر نے 96 رن دے کر چھ وکٹس حاصل کئے تھے اور سری لنکا نے یہ میچ سات وکٹ سے جیت لیا تھا ۔ 29سالہ یاسر شمالی مغربی پاکستان کے علاقہ خیبر سے تعلق رکھتے ہیں ۔انہوں نے گذشتہ سال اکٹوبر میںاپنے کریئر کا آغاز کیا تھا اور اب تک 10ٹسٹ میچ کھیلتے ہوئے 59 وکٹس حاصل کرچکے ہیں ۔