شارجہ12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ کے دوسرے درجہ کے بولنگ کے سامنے بھی پاکستانی بیٹنگ شعبہ ناکام رہا اور حریف ٹیم نے پانچویں اور آخری ونڈے بھی 117 رنز کے واضع فرق سے کامیابی حاصل کرکے سیریز میں 4-1 سے اپنے نام کرلی۔ 268 رنز کے تعاقب میں پاکستان ٹیم صرف 35.3 اوورس میں 151 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ نوجوان بیٹسمین صہیب مقصود کے سوا کوئی اور بیٹسمین وکٹ پر رکنے کو تیار نہیں تھا۔ صہیب نے مسلسل دوسرے میچ میں نصف سنچری اسکور کی وہ 53 رنز بنا کر جے پی ڈومینی کی گیند پر فلینڈر کو کیچ دے بیٹھے۔ محمد حفیظ چھ رنز بنا کر فلینڈر کی گیند پر بولڈ ہوئے،احمد شہزاد دو رنز بناسکے انہیں سوٹ سوبے کی گیند پر فلینڈر نے کیچ کیا جبکہ اسد شفیق کی جگہ ایک مرتبہ پھر ٹیم میں واپسی کرنے والے عمر امین پانچ رن کی اننگز کھیل کر فلینڈر کا شکار بنے۔ کپتان مصباح الحق کو ریان میکلارین نے 18 رنز پر پویلین لوٹایا جبکہ پراعتماد دکھائی دینے والے عمر اکمل 30 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ انہوں نے صہیب مقصود کے ساتھ پانچویں وکٹ پر 54 رنز کا اضافہ کیا۔ شاہد آفریدی صرف نو رنزبناکر وین پارنیل کو ان کی ہی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔ اس کے بعد سہیل تنویر تین چوکوں کی مدد سے 15، سعید اجمل ایک اور محمد عرفان کوئی رن بنائے بغیر آوٹ ہوگئے۔ جنید خان نے ایک رن بنایا اور ناٹ آوٹ رہے۔ وین پارنیل نے تین، ورنن فلینڈر ، ریان میک لارین اور جے پی ڈومینی نے فی کس دو اور سوٹ سوبے نے ایک وکٹ لی۔ قبل ازیں جنوبی افریقہ نے کپتان اے بی ڈی ویلیئرز کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان کو جیت کے لیے 269 رنز کا مشکل ہدف دیا۔یہ ونڈے میں ان کی 15 ویں اور پاکستان کے خلاف تیسری سنچری تھی۔ حریف کپتان کی بیٹنگ صبر و تحمل اور پھر جارحیت کا شاندار نمونہ تھی، انہوں نے نصف سنچری سے سنچری تک کا سفر صرف 29 گیندوں میں طے کیا۔ بولر سہیل تنویر کے آخری اوور میں 25 رنز بنے۔ اس اننگر کے دوران ڈیویلیئرز نے کیریئر کے 6000 ہزار رنز بھی مکمل کرلیے، یہ سنگ میل عبور کرنے کے لیے انہوں نے صرف 147 اننگز کھیلیں اور جنوبی افریقہ کی جانب سے تیز ترین چھ ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔
ایشین جونیر اتھیلیٹکس میں ہندوستان سرفہرست
رانچی 12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )دوسرے ساوتھ ایشین جونیر اتھیلیٹس چیمپئن شپ میں ہندوستان نے 12 میڈلس کے ساتھ پہلا مقام حاصل کرلیا ہے جبکہ دوسرے اور آخری دن میڈلس کی فہرست میں ہندوستان سرفہرست رہا ۔ میزبان ملک نے مذکورہ چیمپئن شپ میں 20 گولڈ ،20 سلور اور 12 برانز میڈلس کے ذریعہ مجموعی طور پر 52 میڈلس حاصل کئے لیکن 2007 میں کولمبو میں منعقدہ پہلے ساوتھ ایشین جونیر اتھیلیٹکس چیمپئن شپ میں حاصل کردہ گولڈ میڈلس کی تعداد سے اس مرتبہ ایک میڈل کم رہا ۔سری لنکا نے بھی ہندوستان کے ساتھ پہلا مقام مشترکہ طور پر حاصل کیا ہے جیسا کہ اس نے آج 16 گولڈ میڈل حاصل کئے ۔ سری لنکا نے گذشتہ کی بہ نسبت اس مرتبہ اپنے مظاہروں میں بہتری کرتے ہوئے 10 کے بجائے 16 گولڈ میڈل حاصل کئے ۔