پاکستان کے بلند قامت بولر عرفان کی دوبارہ واپسی

کراچی۔ 21 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے 7 فٹ طویل لفٹ آرم پیسر محمد عرفان جو زخمی ہوگئے تھے اب ان کے زخم پوری طرح مندمل ہوچکے ہیں۔ انہیں ان زخموں کے سبب ورلڈ کپ مہم سے الگ ہونا پڑا تھا۔ عرفان کو اب بھی اس بات پر افسوس ہے کہ رواں سال کے اوائل میں آسٹریلیا کے خلاف کوارٹر فائنل میں وہ حصہ نہیں لے سکیں۔ عرفان گزشتہ روز فیصل آباد میں قومی سطح پر کھیلے گئے ٹوئنٹی 20 رمضان ٹورنمنٹ کے ساتھ پھر ایک مرتبہ مسابقتی کرکٹ میں واپس ہوئے ہیں۔ ورلڈ کپ کے دوران ہڈی میں فریکچر کے بعد تقریباً ساڑھے تین ماہ تک وہ کرکٹ سے دور رہے۔ عرفان نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ’’اب میں بالکل ٹھیک اور فٹ ہوں، علاج اور بحالی کا عمل بھی ٹھیک ہے، لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ یہ ہنوز جاری ہے۔ میں آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ کپ کوارٹر فائنل نہیں کھیل سکا، جو بڑا میچ تھا‘‘۔ واضح رہے کہ جنوبی آفریقہ کے خلاف ایک کھیل کے دوران اپنی ہی غلطی سے زخمی ہونے کے بعد ورلڈ کپ سے دور ہوگئے تھے۔ محمد عرفان کی عدم موجودگی کے سبب پاکستانی ٹیم اس کوارٹر فائنل میں میزبان آسٹریلیا کے خلاف شکست سے دوچار ہوگئی تھی۔ ورلڈ کپ میں زخمی ہونے سے قبل بھی عرفان کا کریر فٹنس کے مسائل سے متاثر رہا ہے۔