پاکستان کے ایرپورٹس پر وی آئی پیز کیلئے پروٹوکول کی فراہمی مسدود

اسلام آباد ۔ 27 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی نئی حکومت نے ایرپورٹس پر اب وی آئی پی کلچر کو بالکل ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جہاں بارسوخ شخصیات بشمول سیاستداں، ججس اور فوجی عہدیداروں کو خاصی اہمیت دی جاتی رہی ہے۔ نئی حکومت اسراف کم کرنا چاہتی ہے لہٰذا پروٹوکول میں تبدیلی کی گئی ہے۔ وزیراطلاعات فواد چودھری نے یہ بات بتائی اور یہ بھی کہا کہ اس قانون پر کل سے ہی عمل آوری شروع ہوگئی۔ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے پہلے ہی یہ اشارہ دیا تھا کہ قومی قائدین اور دیگر اعلیٰ سطحی عہدیداروں کو اب طیاروں کے فرسٹ کلاس میں سفر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزارت داخلہ نے بھی فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی کو یہ ہدایت کردی ہیکہ کسی بھی سرکاری عہدیدار اور وی آئی پیز کو ایرپورٹ پر کوئی پروٹوکول فراہم نہ کیا جائے۔