پاکستان کی 32 برس بعد آسٹریلیا کیخلاف شاندار کامیابی

ابوظہبی ۔ 3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے دوسرے ٹسٹ میں آسٹریلیا کو 356 رنز سے شکست دے کر 32 سال کے بعد اسے ٹسٹ سیریز میں حریف ٹیم کا مکمل صفایا کر دیا ہے۔ دریں اثناء ٹسٹ سیریز 2-0 سے جیتنے کے نتیجے میں پاکستان نے آئی سی سی کی عالمی ٹسٹ درجہ بندی میں تیسرا مقام حاصل کرلیا ہے اور اب جنوبی افریقہ پہلے اور آسٹریلیا دوسرے نمبر پر ہیں۔ ابوظہبی ٹسٹ کے آخری دن پاکستان نے آسٹریلیائی مزاحمت کو کھانے کے وقفے کے بعد قابو کرتے ہوئے 356 رنز کی کامیابی حاصل کی۔ پاکستان نے 83-1982 کے بعد پہلی مرتبہ آسٹریلیا کے خلاف کلین سویپ کیا ہے۔ یہ ٹسٹ کرکٹ میں پاکستان کی رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی کامیابی ہے جبکہ آسٹریلیا کی یہ ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ کی تیسری بدترین شکست ہے۔ ذوالفقار بابر نے 120 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ اس میچ میں انہوں نے کل سات وکٹیں حاصل کیں جبکہ سیریز میں ان کی حاصل کردہ وکٹوں کی تعداد 14 رہی۔ یاسر شاہ اور محمد حفیظ نے فی کس دو وکٹوں کے ساتھ اپنی موجودگی کا احساس دلایا۔ یاسر شاہ نے اس سیریز میں کل 12 وکٹیں حاصل کیں۔ میچ کے آخری دن اسمتھ اور مارش نے اننگز شروع کی۔ پہلا سیشن پاکستانی بولروں کے لیے صبر آزما رہا جس میں پاکستانی ٹیم کو صرف مچل مارش ہی کی وکٹ مل سکی۔ وہ 47 رنز بناکر محمد حفیظ کی گیند پر اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ کھانے کے وقفہ کے بعد آسٹریلیائی کی مزاحمت دم توڑتی نظر آئی۔ پاکستانی بولروں نے صرف 13 گیندوں پر تین وکٹیں حاصل کرتے ہوئے کامیابی آسان کرنا شروع کردیا۔ یاسر شاہ نے اسٹیو اسمتھ کو سنچری سے صرف تین رنز کی دوری پر ایل بی ڈبلیو آوٹ کر دیاجبکہ ذوالفقار بابر نے براڈ ہاڈن کو 13 رنز پر بولڈ کیا۔ اگلے ہی اوور کی پہلی گیند پر یاسر شاہ نے مچل جانسن کو صفر پر بولڈ کیا۔ مچل اسٹارک بھی یاسر شاہ کی زد میں آئے اور دو رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔ آسٹریلیائی اننگز کو 246 رنز پر سمیٹنے والے ذوالفقار بابر تھے جنہوں نے نیتھن لین کو صفر کے انفرادی اسکور پر اظہرعلی کے ہاتھوں کیچ آوٹ کروایا۔ دوسرے سیشن میں آسٹریلیا کی پانچ وکٹیں صرف آٹھ رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ تیز رفتار سنچری اسکور کرنے والے مصباح الحق کو مقابلہ کا اور یونس خان کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔