پاکستان کی ٹسٹ رینکنگ مزید گر گئی، اب چھٹا نمبر

دبئی ، 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو دوسرے ٹسٹ میچ میں شکست دے کر سیریز میں کلین سویپ کرنے کے ساتھ ساتھ آئی سی سی رینکنگ میں پانچواں نمبر حاصل کر کے پاکستان کو اس مقام سے محروم کردیا ہے۔ ویلنگٹن میں 7 وکٹ سے فتح کے بعد کیوی ٹیم نے کرائسٹ چرچ میں آج 9 وکٹ سے کامیابی حاصل کی اور کلین سویپ مکمل کیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ٹسٹ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے پوائنٹس 98 ہو گئے اور اس نے پاکستان سے پانچویں پوزیشن چھین کر انھیں چھٹے نمبر پر پہنچا دیا ہے۔ نیوزی لینڈ کو اس وقت پاکستان پر ایک پوائنٹ کی برتری حاصل ہے ، جس کے 97 پوائنٹس ہیں۔ گزشتہ سال عالمی نمبر ایک بننے والی پاکستانی ٹیم کی ناکامیوں کی داستاں کا آغاز اس وقت ہوا جب ویسٹ انڈٰیز نے اسے حیران کن شکست سے دوچار کیا۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ نے بھی پریشان حال پاکستانی ٹیم پر ہاتھ صاف کرتے ہوئے 2-0 سے کلین سویپ کیا۔ لگاتار تین شکستوں کے بعد آسٹریلیا پہنچنے والی پاکستانی ٹیم کیلئے یہ دورہ بھی کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہ رہا اور اسے تینوں ٹسٹ میچوں میں خفت کا سامنا کرنا پڑا اور وہ درجہ بندی میں نیچے گرتی چلی گئی۔ عالمی درجہ بندی میں ہندوستان 120 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ آسٹریلیا 109 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور 107 پوائنٹس کی حامل جنوبی افریقی ٹیم تیسرے اور انگلینڈ چوتھے نمبر پر ہے۔